7 اکتوبر کے بعد اسرائیل میں غیریہودیوں کیخلاف نفرت تیزی سے بڑھ رہی ہے، فلسطینی پادری

ہم اسرائیلی سول سوسائٹی کے بعض شعبوں میں اس کے نتائج دیکھ رہے ہیں، پادری


ویب ڈیسک May 09, 2026

مقبوضہ یروشلم میں لاطینی چرچ کے چیف پادری پیئرباتیستا پیزابیلا نے خبردار کیا ہے کہ غزہ تنازعے کے آغاز کے بعد اسرائیلی معاشرے میں انتہا پسندی تیزی سے بڑھ رہی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پادری کا کہنا تھا کہ عربوں اور غیر یہودیوں کے خلاف بڑھتا ہوا "توہین کا کلچر" اسرائیلی معاشرے میں تیزی سے پروان چڑھ رہا ہے۔

اٹلی کے اخبار کوریئر ڈیلا سیرا کے ساتھ ایک انٹرویو میں بات کرتے ہوئے پیئرباتیستا نے کہا کہ غزہ میں اسرائیلی فوجی آپریشن کے بعد پیدا ہونے والے ماحول نے انتہا پسندانہ بیان بازی کو بڑھاوا دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے اس تناظر میں انتہا پسندی زور پکڑ رہی ہے۔ ہم اسرائیلی سول سوسائٹی کے بعض شعبوں میں اس کے نتائج دیکھ رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیلیوں میں یہ کلچر صرف عربوں کیخلاف ہی نہیں ہے بلکہ ہر اس چیز کیخلاف ہے جو یہودی نہیں ہے اور یہ کلچر بدقسمتی سے بڑھ رہا ہے۔