پاکستان کسی بھی جارحیت کے خلاف اپنے دفاع کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے، عاصم افتخار

معرکہ حق کے ایک سال کی تکمیل پر نیویارک میں قونصل جنرل اور اقوام متحدہ میں پاکستانی مشن کی مشترکہ تقریب


ویب ڈیسک May 09, 2026
فوٹو: ایکسپریس نیوز

اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے کہا ہے کہ معرکہ حق نے پاکستان کی پختگی، تحمل اور وقار کے ساتھ امن کی حفاظت کے پختہ عزم کو ثابت کیا ہے اور ملک کسی بھی جارحیت کے خلاف اپنی خود مختاری، علاقائی سالمیت کے دفاع کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔

معرکہ حق کے ایک سال کی تکمیل کے موقع پر نیویارک میں پاکستان کے فونصلیٹ جنرل اور اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مشن کی جانب سے مشترکہ طور پر پاکستان کی فتح، قوت، عزم اور امن کے حصول کے عنوان سے تقریب کا انعقاد ہوا۔

نیو یارک میں معرکہ حق کے ایک سال مکمل ہونے کی تقریب میں پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی کے اراکین، رہنماؤں، ماہرین تعلیم اور سول سوسائٹی کے نمائندوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی، تقریب کا آغاز پاکستان کے قومی ترانے سے ہوا اور ایک دستاویزی فلم دکھائی گئی جس میں معرکہ حق کی تاریخی کامیابی اور پاک افواج کی بہادری، پیشہ ورانہ مہارت اور قربانیوں پر روشنی ڈالی گئی۔

نیویارک میں پاکستان کے قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی نے تقریب سے خطاب میں کہا معرکہ حق پاکستان کی تاریخ کا ایک اہم موڑ ہے، معرکہ حق نے قوم کے اتحاد، استقامت اور اپنی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے غیر متزلزل عزم کا مظاہرہ کیا۔

قونصل جنرل نے پاکستان کے شہدا اور غازیوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت اور جرات کو سراہا اور زور دیا کہ پاکستان امن، مذاکرات اور علاقائی استحکام کے لیے پرعزم ہے جبکہ کسی بھی جارحیت کے خلاف اپنے قومی مفادات کے دفاع کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔

سینیٹر رانا محمود الحسن، چیئرمین پاکستان پالیسی انسٹی ٹیوٹ ڈاکٹر غلام مجتبیٰ، سیکریٹری جنرل ورلڈ کشمیر اویئرنس فورم ڈاکٹر غلام نبی فائی، کمیونٹی لیڈر علی راشد اور کشمیری کارکن تاج خان نے اس بات کو اجاگر کیا کہ معرکہ حق کی کامیابی پاکستانی قوم کے اتحاد، لچک اور اجتماعی عزم کی عکاس ہے۔

مقررین نے جموں و کشمیر پر پاکستان کے اصولی مؤقف کا اعادہ کیا اور اس بات پر زور دیا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن اور استحکام جموں و کشمیر کے تنازع کے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق پرامن حل سے وابستہ ہے۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار احمد نے کہا کہ معرکہ حق نے پاکستان کی پختگی، تحمل اور وقار کے ساتھ امن کی حفاظت کے پختہ عزم کو ثابت کیا ہے۔

انہوں نے علاقائی امن، کثیر الجہتی اور بین الاقوامی قانون کے لیے پاکستان کی وابستگی پر زور دیا اور واضح کیا کہ ملک کسی بھی جارحیت کے خلاف اپنی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔

پاکستان کے مستقل مندوب نے کہا پاکستان کے مؤقف کو فروغ دینے اور ملک کے تشخص کو مضبوط بنانے میں پاکستانی نژاد امریکیوں اور کشمیری کمیونٹی کی بھرپور حمایت اور شمولیت کو بھی سراہا۔