شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا

دہشتگردی کے خلاف جنگ صرف خیبرپختونخوا نہیں بلکہ پورے ملک کی جنگ ہے، سہیل آفریدی


ویب ڈیسک May 09, 2026

پشاور:

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے ضلع بنوں کے علاقے فتح خیل پولیس اسٹیشن پر دہشتگرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے واقعے میں جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعلیٰ نے زخمیوں کو فوری اور بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے شہداء کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔

اپنے بیان میں وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ صرف خیبرپختونخوا نہیں بلکہ پورے ملک کی جنگ ہے اور اس ناسور کے خاتمے کے لیے قومی سطح پر سنجیدہ اور مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بند کمروں میں کیے گئے فیصلوں اور مسلط کردہ پالیسیوں نے ملک کو بدامنی کی دلدل میں دھکیلا تاہم موجودہ حکومت دہشتگردی سے متاثرہ ہر خاندان کے ساتھ کھڑی ہے۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا پولیس نے دہشتگردی کے خلاف صفِ اول میں رہ کر بے مثال قربانیاں دی ہیں جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دی جائیں گی اور دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک جدوجہد جاری رہے گی۔