لاہور: 4 نابینا بہن بھائی شدید مالی اور رہائشی مشکلات کے باعث کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور

پیدائش سے بینائی سے محروم یہ بہن بھائی اپنے بچوں اور بیمار والدین سمیت ایسے حالات میں زندگی بسر کر رہے ہیں


ویب ڈیسک May 10, 2026

لاہور: گڑھی شاہو لاہور میں کرائے کے ایک چھوٹے سے مکان میں رہنے والے چار نابینا بہن بھائی شدید مالی اور رہائشی مشکلات کے باعث کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔

پیدائش سے بینائی سے محروم یہ بہن بھائی اپنے بچوں اور بیمار والدین سمیت ایسے حالات میں زندگی بسر کر رہے ہیں جہاں روزمرہ ضروریات پوری کرنا بھی مشکل ہو چکا ہے۔

نابینا بھائی احسان اور ذیشان نے بتایا کہ وہ ایک سفید پوش خاندان سے تعلق رکھتے ہیں اور ہمیشہ عزت اور خودداری کے ساتھ زندگی گزارنے کی کوشش کی، مگر بڑھتی مہنگائی اور محدود آمدن نے ان کے لیے زندگی انتہائی دشوار بنا دی ہے۔

احسان نے بتایا کہ گھر کے اخراجات، بچوں کی ضروریات، ادویات اور یوٹیلیٹی بلز کی ادائیگی کے بعد کرایہ دینا ان کے لیے ممکن نہیں رہا۔

ان کے مطابق والدین عمر رسیدہ اور بیمار ہیں جبکہ تمام بہن بھائی شادی شدہ ہیں اور ان کے بچے بھی ہیں، جس کے باعث مشکلات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

ذیشان نے کہا کہ معذوری کے باوجود وہ کسی پر بوجھ نہیں بننا چاہتے بلکہ صرف ایک محفوظ چھت چاہتے ہیں تاکہ اپنے اہل خانہ کے ساتھ باعزت زندگی گزار سکیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلسل معاشی دباؤ اور غیر یقینی صورتحال نے پورے خاندان کو ذہنی پریشانی میں مبتلا کر رکھا ہے۔

متاثرہ خاندان نے وزیراعظم  شہباز شریف اور وزیر اعلی پنجاب مریم نواز سے اپیل کی ہے کہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر انہیں ایک چھوٹا سرکاری گھر، فلیٹ، کوارٹر یا رہائشی پلاٹ فراہم کیا جائے۔

انہوں نے مخیر حضرات اور فلاحی اداروں سے بھی مدد کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی رہائشی اور مالی صورتحال سے متعلق تمام دستاویزات فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں۔