پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی لمیٹڈ نے 11 مئی سے 18 مئی تک شام کے اوقات میں انٹرنیٹ سروس متاثر ہونے سے متعلق انتباہ جاری کر دیا۔
کمپنی کے مطابق ایک بین الاقوامی سب میرین کیبل میں خرابی دور کرنے کے لیے مرمتی کام کیا جا رہا ہے، جس کے باعث انٹرنیٹ کی رفتار سست ہونے یا کنیکٹیویٹی میں مسائل پیش آنے کا امکان ہے۔
کمپنی کی جانب سے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری بیان میں بتایا گیا کہ انٹرنیشنل کیبل کنسورشیم کے تحت کی جانے والی مرمت 11 مئی سے شروع ہوگی جو 18 مئی تک جاری رہ سکتی ہے۔
کمپنی نے واضح کیا کہ خاص طور پر شام کے اوقات میں صارفین کو انٹرنیٹ کی رفتار میں کمی، بفرنگ یا سروس میں تعطل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
ماہرین کے مطابق پاکستان کی انٹرنیٹ ٹریفک کا بڑا حصہ زیرِ سمندر فائبر کیبلز کے ذریعے چلتا ہے، اس لیے ایسی تکنیکی خرابیوں کے اثرات ملک بھر میں محسوس کیے جا سکتے ہیں۔