کراچی:
وزیراعظم یوتھ پروگرام سندھ کے تحت اتوارکی شب نمائش چورنگی پر جشن معرکہ پر منعقد ہوئی۔پروگرام کا انعقاد پی ایم پروگرام سندھ کے کوآرڈینیٹر ڈاکٹر فہد شفیق نے کیا۔
گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے معرکہ حق گرینڈ سیلیبریشنزسے خطاب میں کہا کہ وزیرِاعظم یوتھ پروگرام کے تمام دوستوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
یہاں موجود بچوں کے ٹیبلو نے دنیا کو پاکستانیت، اتحاد اور قومی یکجہتی کا پیغام دیا۔پاکستان میں نفرت، مذہبی تقسیم اور تعصب کی کوئی جگہ نہیں، ہم صرف پاکستانیت پر یقین رکھتے ہیں۔
سید محمد نہال ہاشمی نے کہا کہ دشمن امن اور انسانیت کی زبان نہیں سمجھتا لیکن پاکستان ہمیشہ امن کا علمبردار رہا ہے۔
ہماری افواج نے ہمیشہ بہادری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔پاک فوج نے مختصر وقت میں دشمن کو مؤثر اور بھرپور جواب دے کر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔
گورنر سندھ نے کہا کہ بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناحؒ نے اتحاد، یقینِ محکم اور نظم و ضبط کا درس دیا۔قائداعظمؒ کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا بہترین طریقہ قومی اتحاد اور یکجہتی کو فروغ دینا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی آزادی اور ترقی ہمارے اکابرین کی عظیم قربانیوں کا نتیجہ ہے۔تقریب کے اختتام پر کیک کاٹا گیا اور شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا، شرکاء نے بھرپور جوش و جذبے کا اظہار کیا۔