اسلام آباد:
قومی صنعتی تعلقات کمیشن (این آئی آر سی) کے غیر فعال ہونے اور کلیدی عہدوں پر تعیناتی نہ ہونے کا معاملہ اسلام آباد ہائیکورٹ پہنچ گیا۔
جسٹس ارباب محمد طاہر نے وکیل عمیر بلوچ کی درخواست پر سماعت کی۔ اس موقع پر ایڈووکیٹ شعیب شاہین درخواست گزار کی طرف سے پیش ہوئے۔ انہوں نے عدالت کو آگاہ کیا کہ جسٹس شوکت صدیقی کے استعفیٰ کے بعد مستقل چیئرمین ابھی تک تعینات نہیں ہوا، چیئرمین کے بعد ایک ممبر بھی ریٹائرڈ ہو گئے۔
شعیب شاہین نے عدالت کو بتایا کہ این آئی آر سی اس وقت غیر فعال ہے۔ عدالت نے استفسار کیا کہ آپ کو معلوم ہے کہ کیا وجہ بنی جو ابھی تک چیئرمین کی تعیناتی نہیں ہوئی؟ جس پر وکیل شعیب شاہین نے جواب دیا کہ ابھی تک کچھ معلوم نہیں حکومت اس حوالے سے کیا کر رہی ہے۔
عدالت نے وزارت اوورسیز پاکستانیز اور وزارت قانون کو نوٹس جاری کرتے ہوئے بدھ 13 مئی تک جواب طلب کرلیا۔