کراچی: مبینہ جعلی مقابلے میں نوجوان کی ہلاکت پر پولیس کیخلاف مقدمے کی درخواست دائر

عدالت نے ایس ایس پی ایسٹ اور ایس ایچ او عزیز بھٹی کو نوٹس جاری کردیے، 13 مئی تک جواب طلب


فوٹو: فائل

ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے عیسیٰ نگری میں مبینہ جعلی پولیس مقابلے میں نوجوان کی ہلاکت پر ایس ایس پی ایسٹ اور ایس ایچ او عزیز بھٹی کو نوٹس جاری کردیے۔ 

عدالت نے مقتول کے والد کی درخواست پر ایس ایس پی ایسٹ اور ایس ایچ او عزیز بھٹی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 13 مئی تک جواب طلب کرلیا۔

مقتول کے والد نے مبینہ جعلی پولیس مقابلے میں ملوث پولیس افسران و اہلکاروں کیخلاف مقدمے کی درخواست دائر کی ہے جس میں ڈی آئی جی ایسٹ، ایس ایس پی ایسٹ اور ایس ایچ او عزیز بھٹی کو فریق بنایا گیا ہے، درخواست میں اے ایس آئی راجہ عمران، کانسٹیبل اعتزاز احمد اور کانسٹیبل وقاص بشیر کو ملزم نامزد کیا گیا۔ 

مقتول کے والد نے درخواست میں موقف اپنایا کہ میرا بیٹا حماد میرے ساتھ لائٹ ہاؤس پر پرفیومز کا کام کرتا تھا، حماد کو عیسیٰ نگری میں ڈاکوؤں نے لوٹنے کی کوشش کی،  ڈاکوؤں نے مزحمت پر حماد کو تشدد کا نشانہ بنایا، حماد کا دوست شہریار اپنی کار میں وہاں پہنچ گیا جس نے اپنی لائسنس یافتہ پستول سے ملزمان پر فائرنگ کی، ملزم کار میں سوار ہوکر فرار ہوگئے۔

 درخواست میں کہا گیا کہ پولیس نے ملزمان کے بجائے حماد اور شہریار پر فائرنگ شروع کردی، پولیس کی فائرنگ سے حماد گولی لگنے سے چل بسا جبکہ شہریار کو گرفتار کرلیا گیا، پولیس نے اپنی غلطی چھپانے کے لئے حماد اور شہریار کیخلاف 3 جھوٹے مقدمات بھی درج کرلئے، جعلی مقابلے میں ملوث اہلکاروں کیخلاف مقدمہ درج کیا جائے۔