امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ 13 سے 15 مئی تک سرکاری دورے پر بیجنگ جائیں گے

ٹرمپ اپنے دورے کے دوران چین پر ایران سے متعلق دباؤ بڑھانے کی کوشش کریں گے


ویب ڈیسک May 11, 2026

چین نے تصدیق کی ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ13 سے 15 مئی تک سرکاری دورے پر بیجنگ جائیں گے جہاں وہ چینی صدر شی جن پنگ سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔

چینی وزارت خارجہ کے ترجمان کے مطابق یہ دورہ صدر شی جن پنگ کی دعوت پر ہو رہا ہے۔ اس ملاقات میں ایران کی صورتحال، تجارتی کشیدگی، تائیوان اور دیگر عالمی معاملات پر بات چیت متوقع ہے۔

رپورٹس کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ اپنے دورے کے دوران چین پر ایران سے متعلق دباؤ بڑھانے کی کوشش کریں گے، خاص طور پر ایرانی تیل کی خریداری کے معاملے پر کیوں کہ چین اس وقت ایرانی خام تیل خریدنے والے بڑے ممالک میں شامل ہے جبکہ امریکا تہران پر اقتصادی دباؤ بڑھا رہا ہے۔

وائٹ ہاؤس حکام نے اس دورے کو انتہائی اہم علامتی اور سفارتی دورہ قرار دیا ہے۔ امریکی حکام کے مطابق صدر ٹرمپ صرف رسمی ملاقاتوں کے لیے چین نہیں جا رہے بلکہ وہ امریکا کے لیے نئے تجارتی معاہدے اور اقتصادی فوائد حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔

یہ دورہ صدر ٹرمپ کی دوسری مدتِ صدارت میں چین کا پہلا دورہ ہوگا۔ اس سے قبل ان کا دورہ مارچ یا اپریل میں متوقع تھا، تاہم ایران جنگ کی صورتحال کے باعث اسے مؤخر کردیا گیا تھا۔

وائٹ ہاؤس کے مطابق دورے کے دوران صدر ٹرمپ بیجنگ کے تاریخی مقام ٹیمپل آف ہیون کا دورہ بھی کریں گے جبکہ ان کے اعزاز میں ایک سرکاری ضیافت بھی دی جائے گی۔ یہ کسی امریکی صدر کا 2017 کے بعد پہلا دورۂ چین ہوگا۔