ملک بھر میں عید الاضحیٰ کے دوران موسم سے متعلق محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کر دی جبکہ حالیہ سسٹم کے تحت بالائی پنجاب اور خیبر پختونخوا میں آئندہ دو روز تک بارش کا امکان ہے۔
ایکسپریس سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹر محکمہ موسمیات عرفان ورک نے بتایا کہ لاہور میں اگلے دو روز تک موسم ٹھیک رہے گا لیکن اس کے بعد دوبارہ گرمی شروع ہو جائے گی جبکہ بالائی اور شمال مشرقی پنجاب کے علاقوں میں بھی آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران بارش ہوگی۔
کراچی سے متعلق انہوں نے بتایا کہ کراچی میں مئی کے آغاز جیسی گرمی فی الحال نہیں ہے لیکن درجہ حرارت زیادہ ہی رہے گا اور موسم آئندہ دو روز تک بہتر رہے گا۔
عید سے متعلق ڈائریکٹر محکمہ موسمیات نے کہا کہ بارش کا حالیہ سلسلہ تھمنے کے بعد گرمی میں بتدریج اضافہ ہوگا اور عید سے قبل بارش برسانے کا ایک اور سلسلہ آنے کا امکان ہے تاہم اس حوالے سے ابھی حتمی پیشگوئی نہیں کی جا سکتی۔
ڈائریکٹر محکمہ موسمیات نے بتایا کہ حالیہ پیشگوئی کے مطابق بارش کا سلسلہ گزرنے کے بعد گرمی میں اضافہ ہوگا اور عید کے دنوں میں گرمی کی شدت میں اضافہ ہوگا۔
النینو سے متعلق ڈائریکٹر میٹ نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اگر بحرالکاہل میں النینو متحرک ہو جائے تو مون سون کے دوران جنوبی ایشیائی ممالک میں بارش قدرے کم ہو جاتی ہیں۔