ٹرمپ کا وینزویلا کو 51ویں امریکی ریاست بنانے پر غور، وینزویلا کی صدر کا سخت ردعمل

وینزویلا ایک کالونی نہیں بلکہ ایک آزاد ملک ہے، ڈیلسی روڈریگز


ویب ڈیسک May 12, 2026

وینزویلا کی قائم مقام صدر ڈیلسی روڈریگز نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے وینزویلا کو 51ویں ریاست بنانے کے فیصلے کو مسترد کردیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چند دن قبل کہا تھا کہ وہ وینزویلا کو امریکا کی 51ویں ریاست بنانے پر سنجیدگی سے غور کررہے ہیں جس پر وینزویلا کی قائم مقام صدر ڈیلسی روڈریگز نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اُن کا ملک 51 ویں امریکی ریاست بننے کا کوئی منصوبہ نہیں رکھتا۔

ڈیلسی نے یہ بیان ہیگ میں بین الاقوامی عدالت انصاف میں اپنے ملک اور ہمسایہ ملک گیانا کے درمیان بڑے پیمانے پر معدنیات اور تیل سے متعلق تنازع کی سماعت کے دوران دیا۔

ڈیلسی نے کہا کہ ہم اپنی سالمیت، اپنی خودمختاری، اپنی آزادی اور اپنی تاریخ کا دفاع کرتے رہیں گے، وینزویلا ایک کالونی نہیں بلکہ ایک آزاد ملک ہے۔

واضح رہے کہ ڈیلسی روڈریگز نے اُس وقت کے صدر نکولس مادورو کو بے دخل کرنے والے امریکی فوجی آپریشن کے بعد جنوری میں اقتدار سنبھالا ہے۔