لبنان کے جنوبی علاقے میں اسرائیلی فوج کے فضائی اور توپ خانے کے حملوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے جس کی زد میں معصوم شہری، خواتین اور بچے بھی آ رہے ہیں۔
لبنان کی خبر رساں ایجنسی کے مطابق اسرائیلی جنگی طیاروں نے جنوبی لبنان کے ایک چھوٹے سے قصبے میں رہائشی گھر پر بمباری کردی۔
اسرائیلی فوج کے اس فضائی حملے میں 6 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ 7 دیگر افراد شدید زخمی ہیں۔ اسی دوران قصبہ شریفہ پر بھی دو مزید فضائی حملے کیے گئے۔
لبنانی میڈیا کے مطابق اسرائیلی توپ خانے نے المنصوری اور مزدال زون کے مضافاتی علاقوں کو بھی شدید گولہ باری کا نشانہ بنایا۔
علاوہ ازیں مغربی بقاع کے دو بڑے قصبوں کے اطراف اور دیگر دیہاتوں پر بھی یکے بعد دیگرے فضائی حملے کیے گئے جن کے ساتھ توپ خانے کی شیلنگ بھی جاری رہی۔
اسرائیلی حملوں میں 3 پیرامیڈکس اسٹاف بھی جان کی بازہ ہار گئے جو ان علاقوں میں طبی سہولیات کی فراہمی میں مصروف تھے۔
یاد رہے کہ اسرائیل اور لبنان کے درمیان 16 اپریل کو 10 روزہ جنگ بندی کا آغاز ہوا جسے بعد میں 24 اپریل کو مزید تین ہفتوں کے لیے بڑھا دیا گیا تھا۔
لبنان کے ڈیزاسٹر رسک مینجمنٹ یونٹ نے بتایا کہ 2 مارچ سے اسرائیل کی جانب سے حملوں میں شدت آنے کے بعد اب تک 2,883 افراد جاں بحق اور 8,787 زخمی ہوچکے ہیں۔
ادارے کے مطابق پناہ گاہوں میں منتقل ہونے والے بے گھر افراد کی تعداد ایک لاکھ 27 ہزار 721 تک پہنچ گئی جبکہ بے گھر خاندانوں کی تعداد 33 ہزار 125 بتائی گئی ہے۔