ایران جلد 100 فیصد یورینیئم افزودگی اور جوہری ہتھیار بنانا بند کردے گا؛ ٹرمپ کا دعویٰ

ایران پر عائد پابندیاں بدستور برقرار رہیں گی اور امریکا کسی عجلت میں فیصلہ نہیں کرے گا، امریکی صدر


ویب ڈیسک May 12, 2026
ایران جلد یورینیئم افزودگی اور جوہری ہتھیار بنانا بند کردے گا؛ ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران مستقبل میں نہ صرف یورینیم افزودگی مکمل طور پر روک دے گا بلکہ جوہری ہتھیار بنانے کی کوششیں بھی ترک کردے گا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق صدر ٹرمپ کے بقول مجھے پورا یقین ہے کہ ایران کسی ممکنہ نئے معاہدے کے تحت ان شرائط پر عمل کردے گا جو اسے جوہری ہتھیار بنانے سے روکتے ہیں۔

صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ کسی بھی ممکنہ معاہدے کے تحت ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق مواد کو امریکا اپنی تحویل میں لے گا۔ ایران کے ساتھ مذاکرات مکمل احتیاط مگر بغیر جلد بازی کے آگے بڑھائے جائیں گے۔

انھوں نے یہ بھی کہا کہ ایران پر عائد پابندیاں بدستور برقرار رہیں گی اور امریکا کسی عجلت میں فیصلہ نہیں کرے گا۔ امریکا نے خطے میں بڑی فوجی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔

صدر ٹرمپ نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ وہ ماضی میں ایرانی حکام سے براہِ راست رابطے بھی کرچکے ہیں۔ ایران کے ساتھ حالیہ مذاکرات کامیاب ہوگئے تو مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کم ہوسکتی ہے جس سے تیل قیمتیں کم ہونے کا امکان ہے۔

یاد رہے کہ ایرانی پارلیمانی کمیشن کے ترجمان ابراہیم رضائی نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں کہا کہ امریکا اور اسرائیل نے ہماری سرزمین پر پھر حملے کیے تو ردعمل میں ہم 90 فیصد یورینیم افزودگی کرسکتے ہیں۔

ایران کا ہمیشہ سے یہ مؤقف رہا ہے کہ پُرامن مقاصد کے لیے یورینیم افزودگی ان کا قانونی حق ہے اور وہ مکمل طور پر جوہری سرگرمیاں بند کرنے پر کسی صورت آمادہ نہیں ہوگا۔