لبنان؛ اسرائیلی حملے میں 2 بنگلادیشی جاں بحق؛ 8 لاکھ ٹکا قرض لیکر لبنان پہنچے تھے

لبنان میں اسرائیلی حملے میں بنگلادیشی شہری 48 سالہ شفیق الاسلام اور 22 سالہ محمد ناہید الاسلام جاں بحق ہوگئے


ویب ڈیسک May 13, 2026
لبنان میں اسرائیلی حملے میں جاں بحق دو بنگلادیشی شہریوں کے اہل خانہ غم سے نڈھال ہیں

جنگ بندی کے باوجود اسرائیل کے لبنان پر بمباری کا سلسلہ جاری ہے جس میں معصوم شہری، خواتین اور بچے بھی محفوظ نہیں بلکہ اب تو غیر ملکی بھی نشانہ بن رہے ہیں۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق لبنان کے جنوبی علاقے میں آج ہونے والی اسرائیلی بمباری میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 10 سے تجاوز کرگئی۔

جن میں بنگلادیش کے 2 شہری 48 سالہ شفیق الاسلام اور 22 سالہ محمد ناہید الاسلام بھی شامل ہیں جن میں سے ایک بیکری میں کام کرتا تھا جبکہ دوسرا بکریاں چراتا تھا۔ دونوں 25 فروری کو لبنان پہنچے تھے۔

بنگلادیش میں شفیق الاسلام اور ناہید الاسلام کے اہل خانہ نے بتایا کہ وہ لوگ 8 لاکھ ٹکا قرض لیکر اچھے مستقبل کا خواب آنکھوں میں سجائے لبنان پہنچے تھے اور محنت مزدوری کر رہے تھے۔

تاہم جب اسرائیلی فوج نے کچھ دیہاتوں کو خالی کرنے کا حکم دیا تاکہ وہ بمباری کرسکیں تو اس دوران شفیق اور ناہید بھی ایک گاڑی میں بیٹھ کر وہاں سے روانہ ہو رہے تھے کہ اسرائیلی بمباری کا نشانہ بن گئے۔

یاد رہے کہ امریکی ثالثی میں اسرائیل اور لبنان کے درمیان جنگ بندی جاری ہے تاہم اس کے دوران بھی صیہونی ریاست کی جانب سے فضائی حملوں کا سلسلہ جاری ہے جس میں 8 ہزار سے زائد شہری جاں بحق ہوچکے ہیں۔

اسرائیل کا دعویٰ ہے کہ اس نے حزب اللہ کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے جب کہ حزب اللہ کے جوابی حملوں میں بھی اسرائیل کے 15 سے زائد اہلکار ہلاک اور زخمی ہوچکے ہیں۔