مالی سال 2025-26 کی تیسری سہ ماہی، سالانہ اقتصادی تخمینوں کی منظوری دے دی گئی

پہلی سہ ماہی 2025-26 کی نظرثانی شدہ شرح نمو 3.92 فیصد جبکہ دوسری سہ ماہی کی 4.05 فیصد رہی



اسلام آباد:

قومی اکاؤٹس کمیٹی نے مالی سال 2025-26 کی تیسری سہ ماہی اور سالانہ اقتصادی تخمینوں کی منظوری دے دی۔

تفصیلات کے مطابق پہلی سہ ماہی 2025-26 کی نظرثانی شدہ شرح نمو 3.92 فیصد جبکہ دوسری سہ ماہی کی 4.05 فیصد رہی۔

تیسری سہ ماہی 2025-26 میں جی ڈی پی کی شرح نمو 3.99 فیصد ریکارڈ کی گئی، جس میں زرعی شعبہ 3.01 فیصد، صنعتی شعبہ 4.65 فیصد اور خدمات کا شعبہ 4.18 فیصد کی شرح سے بڑھا۔

قومی اکاوؤٹس کمیٹی کے مطابق مالی سال 2023-24 کی حتمی شرح نمو 2.62 فیصد رہے جبکہ مالی سال 2024-25 کی نظرثانی شدہ شرح نمو 3.18 فیصد رہی، جو پہلے 3.06 فیصد تھی۔

مالی سال 2025-26 کے لیے مجموعی جی ڈی پی گروتھ 3.70 فیصد منظور کی گئی جس میں زرعی شعبہ 2.89 فیصد، صنعتی شعبہ 3.51 فیصد اور خدمات کا شعبہ 4.09 فیصد کی شرح سے بڑھ رہا ہے۔

معیشت کا حجم 452.1 ارب امریکی ڈالر تک پہنچ گیا جبکہ فی کس آمدن 1901 ڈالر ریکارڈ کی گئی، جو گزشتہ سال کے 408.2 ارب ڈالر کے مقابلے میں اضافہ ہے۔

زرعی شعبے میں اہم فصلوں، لائیو اسٹاک، جنگلات اور ماہی گیری میں بہتری دیکھی گئی جبکہ گندم، چاول اور گنے سمیت مختلف فصلوں کی پیداوار میں اضافہ ریکارڈ ہوا۔ صنعتی شعبے میں 3.51 فیصد نمو ریکارڈ کی گئی، جس میں بڑی صنعتوں میں 6.11 فیصد اضافہ ہوا۔

توانائی اور کان کنی کے بعض شعبوں میں کمی دیکھی گئی، تعمیرات اور فنانس و انشورنس سیکٹر میں بہتری کے باعث صنعتی و سروسز گروتھ میں اضافہ ہوا۔

خدمات کے شعبے میں 4.09 فیصد اضافہ ہوا جس میں ہول سیل، ٹرانسپورٹ، آئی ٹی، فنانس، تعلیم، صحت اور دیگر شعبے مثبت رہے۔