ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل نے ڈینسو ہال میں کارروائی کرتے ہوئے نوٹ فار سیل سیمپلز اور ادویات فروخت کرنے والی 20 دکانوں کو سیل کرکے 21 افراد کو حراست میں لے لیا۔
ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل نے ڈینسو ہال کچی گلی نمبر 2 میں خفیہ اطلاع پر ڈریپ کے ہمراہ ٹارگٹڈ آپریشن کیا جہاں دکانوں پر نوٹ فار سیل سیمپلز اور ادویات فروخت ہونے کا انکشاف ہوا۔
ایف آئی اے نے کارروائی کے دوران 20 دکانیں سیل کرکے 21 افراد کو حراست میں لے لیا، حکام کے مطابق گرفتار دکانداروں کے پاس کسی قسم کا لائسنس موجود نہیں تھا، پوری مارکیٹ غیر قانونی ادویات کی فروخت میں ملوث پائی گئی، نوٹ فار سیل سیمپلز کی خرید و فروخت اسپتال عملے کے بغیر ممکن نہیں، اس حوالے سے تحقیقات جاری ہیں، غیر قانونی نیٹ ورک اور سہولت کاروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
ایف آئی اے حکام نے کہا کہ غریب عوام کے لیے مختص ادویات مارکیٹ میں فروخت کی جا رہی تھیں، غیر قانونی ادویات کی فروخت انسانیت کے خلاف جرم ہے، میڈیکل ریپس، اسپتال عملہ اور سہولت کاروں سے تفتیش کی جائے گی، کارروائی میں کروڑوں روپے مالیت کی ادویات برآمد ہوئی ہیں۔ مارکیٹ سے ایکسپائرڈ ادویات بھی برآمد ہوئی ہیں۔