شجاع آباد:
کنڈا رحیم بخش میں روٹین انسپکشن کے دوران پیرا فورس اہلکاروں اور دکانداروں کے درمیان تلخ کلامی ہاتھا پائی میں تبدیل ہوگئی۔
واقعے کے دوران مارکیٹ میں شدید بدنظمی دیکھنے میں آئی جبکہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 4 افراد کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق پیرا فورس معمول کی چیکنگ کے لیے علاقے میں موجود تھی کہ اسی دوران کچھ دکانداروں سے جھگڑا ہوگیا۔
دکانداروں نے الزام عائد کیا کہ اہلکاروں کی جانب سے رقم طلب کی گئی جس پر تنازع کھڑا ہوا۔
دوسری جانب پیرا فورس حکام نے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ رشوت طلب کرنے کا دعویٰ بے بنیاد اور حقائق کے منافی ہے۔
واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظرِ عام پر آگئی ہے جس میں دونوں جانب سے دھکم پیل اور بدنظمی دیکھی جا سکتی ہے۔
پولیس تھانہ صدر کے مطابق امن و امان خراب کرنے اور سرکاری امور میں مداخلت کے الزام میں 4 افراد کو گرفتار کر کے مزید تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔