کراچی کو حب ڈیم سے 200 ملین گیلن پانی فراہم کرنے کا معاملہ، سمری وزیراعلیٰ سندھ کو ارسال

واپڈا نے حب ڈیم پانی کی تقسیم کا معاملہ بین الصوبائی قرار دے کر مشترکہ مفادات کونسل کو مجاز فورم قرار دیا


ویب ڈیسک May 14, 2026

کراچی:

کراچی کو حب ڈیم سے 200 ملین گیلن پانی فراہم کرنے کے لیے سیکرٹری بلدیات نے وزیر اعلیٰ سندھ کو وفاق سے کوٹہ بڑھانے کی استدعا کر دی۔

واٹر کارپوریشن نے حب ڈیم سے اضافی پانی فراہمی کے لیے تفصیلی سمری وزیراعلیٰ سندھ کو ارسال کر دی۔

سمری کے مطابق واپڈا نے حب ڈیم پانی کی تقسیم کا معاملہ بین الصوبائی قرار دے کر مشترکہ مفادات کونسل کو مجاز فورم قرار دیا۔ واپڈا کے مطابق حب ڈیم سے سندھ اور بلوچستان کو پانی فراہمی وفاق کی منظوری اور پی سی ون کے مطابق جاری ہے۔

کے ڈبلیو ایس سی حکام کے مطابق 1981 سے کراچی کو حب ڈیم سے صرف 100 ایم جی ڈی پانی مل رہا، کراچی میں پانی کی طلب پانچ گنا بڑھنے کے باوجود حب ڈیم سے فراہمی میں اضافہ نہ ہو سکا۔

سندھ حکومت نے نئی حب کینال مکمل کرکے 200 ایم جی ڈی پانی منتقلی کی استعداد حاصل کرلی جبکہ واپڈا نے واضح کیا حب ڈیم پانی کوٹہ بڑھانا یا کم کرنا ادارے کے دائرہ اختیار میں نہیں۔ حب ڈیم پانی فراہمی بڑھانے کے معاملے پر بلوچستان حکومت سے مشاورت ضروری قرار دے دی گئی۔

واپڈا چیئرمین نے سندھ حکومت کو معاملہ وزارت آبی وسائل اور سی سی آئی میں اٹھانے کا مشورہ دے دیا۔ حکام کے مطابق 13 اگست حب کینال کے مکمل ہونے کے بعد سے پانی کی مقدار دگنی فراہم کر سکتے ہیں۔

سیکریٹری بلدیات نے حب ڈیم پانی کوٹہ بڑھانے کا معاملہ مشترکہ مفادات کونسل میں اٹھانے کی سفارش کر دی۔ وزیراعلیٰ سندھ کو ارسال سمری میں کراچی کے لیے 200 ایم جی ڈی پانی فراہمی کی منظوری طلب کر لی گئی۔

ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ حب ڈیم سے کراچی کے لیے اضافی پانی فراہمی کا معاملہ مشترکہ مفادات کونسل میں اٹھائیں گے۔