پاکستان نے چین کی مالیاتی منڈی میں اپنا پہلا "پانڈا بانڈ" کامیابی سے جاری کر دیا، جس سے اصل رقم سے 5 گنا زائد 25 کروڑ ڈالر کے بانڈز پر ایک ارب 26 کروڑ ڈالر کی پیش کشیں موصول ہوئیں۔
پاکستان نے تاریخ میں پہلی بار دنیا کی دوسری بڑی کیپٹل مارکیٹ تک رسائی حاصل کی ہے اور آج پانڈا بانڈ 3 سالہ مدت کے لیے چینی کرنسی (یوآن) میں جاری کردیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق پاکستان نے 1.75 ارب یوآن کے بانڈز پیش کیے، سرمایہ کاروں کی طرف سے 8.8 ارب یوآن کی پیش کشیں موصول ہوئیں جو پانڈا بانڈز کے لیے اصل رقم سے 5 گنا زیادہ ہیں، سرمایہ کاروں کی اس قدر دلچسپی پاکستان کی معاشی اصلاحات اور مستحکم معیشت پر عالمی اعتماد کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
اس حوالے سے بتایا گیا کہ مضبوط ڈیمانڈ کی وجہ سے پاکستان کو یہ سرمایہ صرف %2.5 کی کم شرح سود پر ملا اور پاکستان کے لیے چین کی بڑی مالیاتی منڈی کے دروازے کھل گئے ہیں۔
مزید بتایا گیا کہ دنیا بھر سے نئے سرمایہ کار پاکستان کی معیشت میں حصہ لے رہے ہیں، یہ کامیابی عالمی سطح پر پاکستان کی معاشی ساکھ اور قرض ادا کرنے کی صلاحیت کو بہتر بناتی ہے۔
وزیرخزانہ کے مشیر خرم شہزاد کے مطابق پاکستان اب بحرانوں سے نکل کر استحکام اور طویل مدتی ترقی کی طرف بڑھ رہا ہے، یہ کامیابی ایک نئے باب کا آغاز ہے جس میں پاکستان عالمی مالیاتی منڈیوں میں ایک قابل بھروسہ ملک کے طور پر ابھرا ہے۔