آم کے شوقین افراد خبردار ہوجائیں، کہیں یہ شوق مہنگا نہ پڑ جائے

آم خریدتے وقت غیر معمولی چمک، تیز رنگت یا کیمیکل جیسی بو سے محتاط رہیں


ویب ڈیسک May 16, 2026

گرمیوں کے آغاز کے ساتھ ہی بازار آموں کی خوشبو سے مہک اٹھتے ہیں۔ آم پھلوں کا بادشاہ ہے اور گرمی کی آمد کے ساتھ ہی سب کو آموں کا انتظار بھی رہتا ہے۔

لیکن یہی آم آپ کی صحت کے لیے نقصان دہ بھی ہوسکتے ہیں۔ ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ آموں کو مصنوعی طریقے سے پکانے کےلیے ممنوعہ کیمیکل کیلشیم کاربائیڈ استعمال کیا جاتا ہے، جو انسانی صحت کے لیے خطرناک ثابت ہوسکتا ہے۔

ماہرین کے مطابق کیلشیم کاربائیڈ نمی کے ساتھ تعامل کرکے ایسیٹائیلین گیس پیدا کرتا ہے، جو پھلوں کو جلد پکاتا ہے، تاہم اس میں آرسینک اور فاسفورس جیسے زہریلے مادے شامل ہو سکتے ہیں جو معدے، سانس اور اعصابی نظام پر منفی اثر ڈال سکتے ہیں۔

فوڈ اتھارٹی نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ آم خریدتے وقت غیر معمولی چمک، تیز رنگت یا کیمیکل جیسی بو سے محتاط رہیں۔