پاکستان ویمنز ٹیم نے زمبابوے کو تیسرے میچ میں 123 رنز سے شکست دے کر وائٹ واش کرتے ہوئے ٹی ٹونٹی ویمنز انٹرنیشنل سیریز 0-3 سے جیت لی۔
تفصیلات کے مطابق نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی پرتین میچز پر مشتمل ویمن ٹی ٹونٹی سیریز کے تیسرےاور آخری میچ میں جمعہ کو پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 4وکٹوں کے نقصان پر223رنز بنائے۔ یہ پاکستان کا ویمن ٹی ٹونٹی کرکٹ میں دوسرا بڑا اسکور تھا۔
کپتان فاطمہ ثنا نے جارحانہ انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے 15 گیندوں پر 8 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے ویمن کرکٹ کی تیز ترین نصف سینچری جڑنے کا اعزاز اپنے نام کیا۔ فاطمہ ثنا 19 گیندوں پر 10 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 62 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہیں۔ سائرہ جبیں نے 32 گیندوں پر 8 چوکوں کی مدد سے آؤٹ ہوئے بغیر 50 رنز جوڑے، ارم جاوید نے 20گیندوں پر 29 اور منیبہ علی نے 17 گیندوں پر 22 رنز بنائے، نتالیہ پرویز ایک رن کی مہمان رہیں۔
لنڈو کوہلے مابہیرو نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
جواب میں ایک مرتبہ پھر زمبابوے کی ٹیم ریت کا ڈھیر ثابت ہوئی اور کامیابی کے لیے ملنے والے 224 رنز کے ہدف کے تعاقب میں17.1اوورز میں90رنز پر ہمت ہار گئی۔
کیلیس 13 گیندوں پر 6 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 32 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں۔ ایڈل نے 18اور مشعل نے 13رنز بنائے،زمبابوے کی8 کھلاڑی دہائی کا ہندسہ عبور نہ کرسکیں جبکہ 3 کھلاڑی رن آؤٹ ہوئیں۔سعدیہ اقبال نے 20 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ نشرح سندھو نے 21 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں،رامین شمیم اور فاطمہ ثنا کو ایک ایک وکٹ ملی۔
پاکستان نے اس کامیابی کے ساتھ چوتھی مرتبہ ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میں کلین سوئپ کرنے کا اعزاز اپنے نام کیا،پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی ویمن کرکٹ میں اپنی اننگ میں 32 چوکے لگانے کا نیا ریکارڈ قائم کیا۔