اسکول ٹیچر کی اے آئی کے ذریعے نازیبا تصاویر بنا کر بلیک میلنگ کرنے والا سکیورٹی گارڈ گرفتار کرلیا گیا۔
متاثرہ خاتون کی شکایت پر ایس ایچ او شالیمار علی حسن نے ٹیم کے ہمراہ کارروائی کی۔ ایس پی سول لائنز کے مطابق ملزم رمضان کو جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے خانیوال سے گرفتار کیا گیا۔
ملزم جعلی تصاویر وائرل کرنے کی دھمکیاں دے کر خاتون ٹیچر سے رقم مانگتا رہا، جبکہ سکیورٹی گارڈ خاتون ٹیچر پر ناجائز تعلقات قائم کرنے کے لیے بھی دباؤ ڈالتا رہا۔
پولیس کے مطابق ملزم نوکری چھوڑ کر خانیوال فرار ہوگیا تھا اور مختلف نمبروں سے رابطے کرتا رہا۔ ملزم کے زیر استعمال موبائل فون اور دیگر ڈیجیٹل ریکارڈ قبضے میں لے لیا گیا ہے۔
ایس پی سول لائنز کے مطابق ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش جاری ہے۔ چوہدری اثر علی کا کہنا ہے کہ خواتین کو ہراساں اور بلیک میلنگ میں ملوث ملزمان سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔