کراچی؛ گھر میں آتشزدگی کے دوران شوہر جھلس کر جاں بحق، بیوی زخمی

مکان میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیار کرلی



کراچی:

نیو کراچی میں گھر میں آتشزدگی کے دوران شوہر جھلس کر جاں بحق اور بیوی جھلس کر شدید زخمی ہوگئی۔

تفصیلات کے مطابق اتوار کی صبح نیو کراچی سیکٹر الیون اے لالا گل پارک کے قریب مکان نمبر اے 14 میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیار کرلی۔

آگ کی اطلاع ملنے پر کے ایم سی فائر بریگیڈ کی ایک فائر ٹینڈر موقع پر پہنچ گئی اور آگ پر قابو پانے کی کوشش شروع کر دی، گھر میں آتشزدگی کے دوران ایک شخص جھلس کر جاں بحق جبکہ خاتون جھلس کر شدید زخمی ہو گئی جنہیں فوری طور پر عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

فائر بریگیڈ کے عملے نے کچھ دیر میں گھر میں لگی آگ پر قابو پا لیا۔ اس دوران آتشزدگی میں گھریلو سامان خاکستر ہوگیا۔

آتشزدگی کے دوران جھلس کر جاں بحق ہونے والے شخص کی 40 سالہ ارشد اور جھلس کر زخمی ہونے والی خاتون کی شناخت 36 سالہ شائشہ کے نام سے کی گئی، آتشزدگی کے دوران جھلس کر جاں بحق ہونے والا شخص اور جھلس کر زخمی ہونے والی خاتون آپس میں میاں بیوی ہیں۔

فائر بریگیڈ حکام کے مطابق فوری طور پر گھر میں آگ لگنے کی وجہ معلوم نہ ہو سکی۔