بنوں پولیس کی کارروائیاں، 5 خطرناک دہشتگرد ہلاک

چوکی فتح خیل واقعے کے ماسٹر مائنڈ زرولی کا بھتیجا حیات اللہ کو ہلاک کردیا گیا، پولیس


احتشام خان May 15, 2026
فوٹو: فائل

بنوں پولیس نے دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں میں بڑی کامیابی حاصل کی اور 24 گھنٹوں میں 5 خطرناک دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

خیبرپختونخوا پولیس کے مطابق آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید اور ڈی آئی جی بنوں سجاد خان کی خصوصی ہدایات پر چوکی فتح خیل واقعے کے بعد انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز شروع کیے گئے۔

کارروائیوں کے حوالے سے بتایا گیا کہ کامیاب آپریشن میں چوکی فتح خیل واقعے کے ماسٹر مائنڈ زرولی کا بھتیجا حیات اللہ کو ہلاک کردیا گیا، جو دیسی ساختہ بم بنانے کا ماہر تھا اور چوکی کو تباہ کرنے کے لیے بم رکشے میں نصب کیا تھا۔

پولیس نے بتایا کہ ہلاک دہشت گرد کے ٹھکانے سے آئی ای ڈی بنانے والا سامان، بال بیرنگ، پرائما کارڈ اور بارود بھی برآمد ہوا، ہلاک دہشت گرد حیات اللہ بدنام زمانہ ٹارگٹ کلر بھی تھا او متعدد سنگین وارداتوں میں مطلوب اشتہاری تھا۔

اسی طرح آپریشنز میں چوکی پر حملے میں ملوث خارجی اسد یار اور خارجی نعمت اللہ بھی مارے گئے ہیں اور مؤثر حکمت عملی کے تحت مارے جانے والے دہشت گردوں میں اہم دہشت گرد کمانڈر منصور بھی شامل ہے۔

مزید بتایا گیا کہ ہلاک دہشت گرد سیکیورٹی فورسز، سی ٹی ڈی اور پولیس اہلکاروں سمیت معصوم شہریوں پر حملوں میں مطلوب تھے۔

ریجنل پولیس آفیسر بنوں سجاد خان نے کہا کہ شہدا کے خون کے ہر قطرے کا حساب لیں گے، بنوں کے غیور بیٹے اپنی مٹی کا دفاع کرنا جانتے ہیں، ضلع میں امن کے مکمل قیام تک دہشت گردوں کے خلاف آپریشنز بلا تعطل جاری رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ آئی جی خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے بنوں پولیس کو خصوصی شاباش دی ہے اور نقد انعامات کا اعلان بھی کیا ہے۔

آئی جی پی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے کہا کہ بنوں پولیس نے بہادری کی نئی تاریخ رقم کی ہے، دہشت گردوں کے نیٹ ورک کو توڑ کر دم لیں گے اور صوبے سے امن دشمنوں اور ان کے سہولت کاروں کا جڑ سے خاتمہ کیا جائے گا۔