پاکستان کرکٹ ٹیم کے تجربہ کار فاسٹ بولر محمد عباس نے پروفیشنل کرکٹ میں ایک ہزار وکٹوں کا تاریخی سنگ میل عبور کر لیا۔ دورۂ بنگلا دیش کے دوران سلہٹ ٹیسٹ میں انہوں نے ایک اور بڑا اعزاز اپنے نام کر لیا۔
سلہٹ میں جاری ٹیسٹ میچ کے پہلے دن محمد عباس نے اپنے پروفیشنل کیریئر کی ہزارویں وکٹ مکمل کی۔ اس اہم کامیابی کے ساتھ انہوں نے ایک اور منفرد اعزاز بھی حاصل کیا، کیونکہ یہ ان کی بیرونِ ملک حاصل کی گئی 100 ویں وکٹ بھی ثابت ہوئی۔
محمد عباس کی شاندار کارکردگی مختلف فارمیٹس میں مسلسل برقرار رہی ہے۔ فرسٹ کلاس کرکٹ میں ان کی وکٹوں کی تعداد 884 ہو چکی ہے جبکہ لسٹ اے کرکٹ میں انہوں نے 84 اور ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں 32 شکار کر رکھے ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی محمد عباس نے ڈھاکا ٹیسٹ میں شاندار بولنگ کرتے ہوئے 6 وکٹیں حاصل کی تھیں جس کے بعد انہوں نے بہترین ٹیسٹ بولنگ اوسط کے اعتبار سے پاکستانی لیجنڈز وسیم اکرم اور وقار یونس کو بھی پیچھے چھوڑ دیا تھا۔