لاہور؛ مسلم لیگ(ن) کی خاتون رکن اسمبلی جم کے دوران راڈ لگنے رخمی

سروسز اسپتال میں ڈاکٹروں نے خاتون رکن اسمبلی کے سر پر ٹانکے لگائے اور چند دن آرام کا مشورہ دیا


سید مشرف شاہ May 17, 2026
(فوٹو فائل)

حکمران جماعت پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رکن پنجاب اسمبلی عظمیٰ کاردار جم کرتے ہوئے سر پر راڈ لگنے سے زخمی ہوگئیں اور ڈاکٹروں نے چند دن آرام کا مشورہ دے دیا ہے۔

مسلم لیگ (ن) کی رکن اسمبلی کو جم کرتے ہوئے سر پر راڈ لگنے کے بعد طبی امداد کے لیے نجی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ابتدائی طبی امداد لینے کے بعد سروسز اسپتال روانہ کردیا گیا۔

عظمیٰ کاردار نے بتایا کہ میں روزانہ جم خانہ میں تقریباً ایک گھنٹہ ٹریننگ کرتی ہوں، آج وزن کی ٹریننگ کے دوران راڈ ٹھیک سے بند نہیں کر پائی۔

ان کا کہنا تھا کہ عمومی طور پر میرا ٹرینر میرے ساتھ ہوتا ہے، ٹرینر ان چیزوں کا اچھے سے خیال رکھتا ہے لیکن ٹرینر کی عدم موجودگی کے باعث خود ٹھیک سے پن نہیں لگا پائی، جس کی وجہ سے راڈ سر پر آ کر لگا۔

عظمیٰ کاردار نے بتایا کہ نجی اسپتال سے ابتدائی طبی امداد لے لی ہے، ڈاکٹر نے بلیڈنگ روک دی اور ڈریسنگ کر دی ہے تاہم ٹانکے لگوانے کے لیے سروسز اسپتال جا رہی ہوں۔

بعد ازاں سروسز اسپتال میں عظمیٰ کاردار کے سر میں ٹانکے لگائے گئے اور ضروری طبی امداد کے بعد گھر روانہ کردیا گیا۔

ڈاکٹروں نے حکمران جماعت کی رکن صوبائی اسمبلی عظمیٰ کاردار کو چند دن آرام کا مشورہ دیا ہے۔