لاہور کینٹ: پالتو خونخوار کتے کا بچوں اور قربانی کے جانور پر حملہ، فوٹیج منظر عام پر آگئی

بچے گلی میں اپنے قربانی کے جانور کے ساتھ موجود تھے کہ اسی دوران ایک خونخوار کتے نے ان پر حملہ کر دیا


ویب ڈیسک May 17, 2026

لاہور کینٹ کے علاقے شامی روڈ میں مبینہ طور پر ایک پالتو خونخوار کتے نے بچوں اور قربانی کے جانور پر حملہ کر دیا جس  سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی جس میں بچوں کو جان بچانے کے لیے بھاگتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

اطلاعات کے مطابق بچے گلی میں اپنے قربانی کے جانور کے ساتھ موجود تھے کہ اسی دوران ایک خونخوار کتے نے ان پر حملہ کر دیا۔ اچانک حملے کے بعد بچے چیختے ہوئے بھاگے اور اپنی جان بچائی۔ بچوں کی چیخ و پکار سن کر کتے کی دیکھ بھال پر مامور ملازمین بھی موقع کی جانب دوڑ پڑے۔

واقعے کے دوران کتے نے قربانی کے جانور کو بھی زخمی کر دیا، جس سے علاقے کے مکینوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔

درخواست گزار ولید مختار نے تھانہ سرور روڈ میں درخواست جمع کراتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ ہمسایوں کے اس خونخوار کتے نے دو سال قبل بھی حملہ کیا تھا، تاہم اس کے باوجود مناسب اقدامات نہیں کیے گئے۔

پولیس کے مطابق درخواست موصول ہونے کے بعد معاملے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں جبکہ سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے واقعے کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔