شہدادپور ریلوے پھاٹک پر بزنس کلاس ٹرین کی مزدا ٹرک کو ٹکر، ڈرائیور جاں بحق

مزدا ٹرک کے جاں بحق ڈرائیور کی لاش کو قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا


ویب ڈیسک May 17, 2026

شہداد پور:

شاہ پور چاکر پھاٹک پر افسوسناک حادثے میں تیز رفتار بزنس کلاس ٹرین نے مزدا گاڑی کو ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں گاڑی کا ڈرائیور موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔

عینی شاہدین کے مطابق پھاٹک کھلا ہوا تھا اور مزدا ڈرائیور ریلوے ٹریک عبور کرنے کی کوشش کر رہا تھا کہ اسی دوران کراچی سے پنجاب جانے والی بزنس کلاس ٹرین اچانک پہنچ گئی اور گاڑی کو اپنی زد میں لے لیا۔ ٹکر اس قدر شدید تھی کہ مزدا گاڑی بری طرح تباہ ہوگئی۔

واقعے کے وقت گاڑی میں سوار ایک اور شخص نے بروقت چھلانگ لگا کر معجزانہ طور پر اپنی جان بچالی جبکہ حادثے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

اطلاع ملتے ہی ریلوے پولیس اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور جاں بحق ڈرائیور کی لاش کو قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

ریلوے پولیس کے مطابق متوفی کی شناخت کا عمل جاری ہے جبکہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔