راولپنڈی؛ احتجاج کے بعد میٹرو بس سروس بحال، برطرف ملازمین اور انتظامیہ میں مذاکرات جاری

میٹرو بس انتظامیہ نے 150 سے 200 ملازمین کو بغیر کسی نوٹس کے ملازمتوں سے فارغ کر دیا، مظاہرین


ویب ڈیسک May 18, 2026

راولپنڈی اور اسلام آباد کے درمیان میٹرو بس سروس ملازمین کے احتجاج کے بعد بحال کر دی گئی، تاہم برطرف ملازمین اور انتظامیہ کے درمیان مذاکرات کا سلسلہ جاری ہے۔

ملازمین نے برطرفیوں اور تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف شدید احتجاج کیا تھا، جس کے باعث میٹرو بس سروس معطل ہوگئی اور لاکھوں مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

مظاہرین کے مطابق میٹرو بس انتظامیہ نے 150 سے 200 ملازمین کو بغیر کسی نوٹس کے ملازمتوں سے فارغ کر دیا جبکہ گزشتہ دو ماہ کی تنخواہیں بھی ادا نہیں کی گئیں۔ ملازمین کا کہنا تھا کہ برطرفیوں کا سلسلہ یکم مئی سے جاری ہے۔

احتجاج کے دوران برطرف ملازمین آئی جے پی میٹرو بس اسٹیشن پر جمع ہوئے اور بعد ازاں میٹرو بس ٹریک پر آ کر نعرے بازی کی، جس سے سروس معطل ہو گئی۔ احتجاج میں خواتین ملازمین نے بھی شرکت کی۔

مظاہرین کا مؤقف تھا کہ میٹرو بس سروس کا ٹھیکہ نئی کمپنی کو دیا گیا ہے، جس نے پرانے ملازمین کو فارغ کر کے نئے افراد کو بھرتی کیا، حالانکہ موجودہ ملازمین کے کنٹریکٹ 2027 تک موجود ہیں۔ کئی ملازمین گزشتہ 8 سے 10 سال سے میٹرو بس سروس میں خدمات انجام دے رہے تھے۔

احتجاج کے باعث آئی جے پی اسٹیشن اور نائنتھ ایونیو پر اسلام آباد پولیس کی بھاری نفری تعینات رہی جبکہ متعدد بسیں اسٹیشن کے قریب کھڑی کر دی گئیں۔

بعد ازاں پولیس اور میٹرو بس انتظامیہ کے ساتھ مذاکرات کے بعد میٹرو بس سروس بحال کر دی گئی۔ تھانہ آئی نائن میں مذاکرات کا عمل جاری ہے جہاں برطرف ملازمین نے تنخواہوں کی فوری ادائیگی اور ملازمتوں پر بحالی کا مطالبہ کیا۔

پولیس اور انتظامیہ کی جانب سے مظاہرین کو یقین دہانی کرائی گئی، تاہم ملازمین نے مطالبات کی منظوری کے لیے تحریری یقین دہانی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ تحریری معاہدے تک احتجاجی مقام پر موجود رہیں گے۔