وزیراعظم کا قطری ہم منصب سے رابطہ، ایران امریکا تنازع کے پُرامن حل کیلیے اقدامات سے آگاہ کیا

دونوں رہنماؤں نے جنگ بندی، کشیدگی سے گریز اور خطے میں امن و استحکام کی بحالی کے لیے کوششوں کے تسلسل پر اتفاق کیا


ویب ڈیسک May 18, 2026

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے قطری ہم منصب اور وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمان بن جاسم آل ثانی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے آج شام قطر کے وزیراعظم و وزیر خارجہ عزت مآب شیخ محمد بن عبدالرحمن بن جاسم آل ثانی سے ٹیلیفون پر گفتگو کی۔

 گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعاون اور مشرقِ وسطیٰ کی بدلتی ہوئی صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا، جس میں پاکستان کی قیادت میں جاری امن کوششوں پر خصوصی توجہ مرکوز رہی۔

وزیراعظم نے پاکستان کے امن اقدام کی حمایت پر قطر کا تہہِ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان تنازع کے پُرامن حل کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے اپنی بھرپور کوششیں جاری رکھے گا۔

دونوں رہنماؤں نے جنگ بندی کو برقرار رکھنے، مزید کشیدگی سے گریز کرنے اور خطے میں امن و استحکام کی بحالی کے لیے بین الاقوامی کوششوں کے تسلسل کی اہمیت پر زور دیا۔

وزیراعظم نے قطر کے امیر، شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کے لیے اپنی نیک تمناؤں کا بھی اظہار کیا۔