سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے نامناسب رویہ اپنانے والے ٹریفک وارڈن کو معطل کر دیا

مزنگ میں ون وے ٹریفک کی خلاف ورزی پر موٹرسائیکل سوار کو روکا گیا


ویب ڈیسک May 19, 2026

سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے نامناسب رویہ اپنانے والے ٹریفک وارڈن کو معطل کر دیا۔

ترجمان کے مطابق مزنگ میں ون وے ٹریفک کی خلاف ورزی پر موٹرسائیکل سوار کو روکا گیا، جس پر موٹرسائیکل ڈرائیور نے چالان کے لیے اپنا لائسنس ٹریفک وارڈنز کے حوالے کیا۔

بعد ازاں موٹرسائیکل سوار کے ہمراہ موجود خاتون نے ٹریفک وارڈنز سے لائسنس چھیننے کی کوشش کی۔ اسی دوران وارڈن نے خاتون کو پیچھے دھکیلا، جسے قابلِ مذمت قرار دیا گیا۔

سی ٹی او لاہور نے نامناسب رویے پر وارڈن اختر کو معطل کر دیا۔

سید عبدالرحیم شیرازی کا کہنا ہے کہ بدتمیزی، مس کنڈکٹ اور کرپشن ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی، جبکہ وارڈنز شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں۔