لاہور ہائیکورٹ میں چھوٹے بھائی کی جانب سے بڑے بھائی کے خلاف چیک کیش نہ ہونے کے مقدمے کی سماعت ہوئی، جہاں عدالت نے شفیق احمد کی بعد از گرفتاری ضمانت منظور کر لی۔
عدالت نے درخواست گزار کو ایک لاکھ روپے کے مچلکے جمع کروانے کا حکم دے دیا۔ درخواست گزار کی جانب سے ایڈووکیٹ شاہد شوکت نے دلائل دیے۔
درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ شفیق احمد 67 سال کے عمر رسیدہ شخص ہیں اور دسمبر 2025 سے جیل میں بند ہیں۔ وکیل کے مطابق مدعی مقدمہ مشترکہ کاروبار یا مشترکہ ملکیت کا کوئی ثبوت پیش نہیں کر سکا۔
وکیل نے استدعا کی کہ عدالت درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے درخواست گزار کی رہائی کا حکم دے۔
دوسری جانب مدعی کے وکیل نے مؤقف اپنایا کہ ملزم مدعی کا بڑا بھائی ہے اور دونوں کا مشترکہ کاروبار تھا، جس سے ایک گھر خریدا گیا۔
وکیل کے مطابق گھر اپنی ملکیت میں منتقل کرنے پر ملزم نے ایک کروڑ 75 لاکھ روپے کا چیک دیا، تاہم چیک کیش نہ ہوا اور ملزم نے رقم کی ادائیگی سے انکار کر دیا۔
مدعی کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ ملزم کو چیک کی رقم ادا کرنے کا حکم دیا جائے۔