فیسکو، گیپکو اور آئیسکو کی نجکاری میں دلچسپی رکھنے والوں سے درخواستیں طلب

حکومت نے نجکاری کمیشن بورڈ کے ذریعے درخواستیں طلب کیں، 51 سے 100 فیصد تک شیئر ہولڈنگ حاصل کرنے کا موقع ہوگا، اعلامیہ


ویب ڈیسک May 19, 2026
فوٹو: فائل

حکومت نے فیسکو، گیپکو اور آئیسکو کی نجکاری کے لیے اظہار دلچسپی مدعو کر لیے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق  حکومت نے نجکاری کمیشن کے ذریعے بجلی کی تین بڑی تقسیم کار کمپنیوں (DISCOs): فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (FESCO)، گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی (GEPCO) اور اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (IESCO) کی نجکاری کے لیے مقامی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں سے اظہار دلچسپی (EOIs) کو باضابطہ طور پر مدعو کیا ہے۔

نجکاری میں سرمایہ کاروں کے لیے تین تقسیم کار کمپنیوں میں سے ہر ایک میں مینجمنٹ کنٹرول کے ساتھ 51 سے 100 فیصد تک شیئر ہولڈنگ حاصل کرنے کا موقع میسر آئے گا۔

یہ اقدام حکومت پاکستان کے وسیع تر اقتصادی اصلاحاتی ایجنڈے کا حصہ ہے جس کا مقصد کارکردگی میں بہتری ، خدمات کی فراہمی کو معیاری بنانا، غیر ملکی اور ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنا اور پاکستان کے پاور سیکٹر میں پائیدار ترقی کو فروغ دینا ہے۔

واضح رہے کہ فیسکو، گیپکو اور آئیسکو مشترکہ طور پر پنجاب اور اسلام آباد کے بڑے صنعتی، تجارتی اور شہری مراکز میں 14 ملین سے زائد صارفین کو خدمات فراہم کرتے ہیں۔  

 نجکاری کا یہ عمل بین الاقوامی طور پر رائج طریقہ کار کے مطابق شفاف مقابلہ کے انداز میں آگے بڑھایا جا رہا ہے۔

نجکاری کمیشن کا کہنا ہے کہ دلچسپی رکھنے والے سرمایہ کار انفرادی طور پر یا کنسورشیم کے حصے کے طور پردستاویزات میں بیان کردہ اہلیت کے معیار کے مطابق شرکت کر سکتے ہیں. 

اظہار دلچسپی کے نوٹس کے مطابق ہر تقسیم کار کمپنی کے لیے علیحدہ پیشکش جمع کرانی ہو گی جبکہ نوٹس کے مطابق ہر تقسیم کار کمپنی کے لیے علیحدہ پیشکش دینی ہو گی۔

اعلامیے کے مطابق فیسکو کیلیے درخواست، 7 جولائی 2026، گیپکو کیلیے 6 اگست 2026 اور آئیسکو کیلیے 7 ستمبر 2026 تک جمع کرانی ہوگی۔

 سرمایہ کاری کے مواقع، نجکاری کے ڈھانچے اور دلچسپی رکھنے والے سرمایہ کاروں کے لیے طریقہ کار کی  وضاحت کے لیے نجکاری کمیشن اور مالیاتی مشیر کی جانب سے مشترکہ طور پر سرمایہ کاروں کے لیے ایک آن لائن بریفنگ بھی منعقد کی جائے گی۔

نجکاری کمیشن ڈسکوز کے موجودہ ٹیرف کے ڈھانچے، ملٹی ائیر ٹیرف کے نظام، بزنس ماڈل اور سپلائرز کےموجودہ فریم ورک کو بہتر بنانے کے لیے ممکنہ سرمایہ کاروں اور پاور سیکٹر کے اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت کرے گا جس سے پاکستان میں بجلی کی فراہمی کے کاروبار میں نجی شعبے کی تیز رفتار اور زیادہ موثر شرکت میں مدد ملے گی۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ نجکاری کمیشن کا عزم ہے کہ پاکستان پالیسی کے تسلسل، ریگولیٹری شفافیت اور ادارہ جاتی اصلاحات کے ذریعے  سرمایہ کاری کے لیے پر تعاون ماحول پیدا کرے ۔

نجکاری کے عمل میں شمولیت کے لیے اہلیت کے تقاضوں اور اظہار دلچسپی جمع کرانے سے متعلق تفصیلی معلومات نجکاری کمیشن کی سرکاری ویب سائٹ پر دستیاب ہیں ۔