کراچی:
حکومت سندھ نے کراچی میں ٹرکوں، ٹرالرز اور ہیوی لوڈنگ گاڑیوں کے لیے شہر سے باہر جدید ٹرمینل قائم کرنے جبکہ کراچی پورٹ کو نادرن بائی پاس پر مجوزہ ہیوی وہیکلز ٹرمینل سے ملانے کے لیے خصوصی ٹریک تعمیر کرنے کا بھی فیصلہ کر لیا۔
سینیر وزیر شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ ٹرکوں، ٹرالرز اور ہیوی لوڈنگ گاڑیوں کا جدید ٹرمینل نادرن بائی پاس پر تعمیر کیا جائے گا، پورٹ سے لے کر نادرن بائی پاس تک ایک ہیوی ہویکل ٹریک بھی بنایا جائے گا، ہیوی وہیکلز ٹرمینل سے شہر میں بھاری ٹریفک کے دباؤ میں کمی اور ٹرانسپورٹ نظام میں بہتری آئے گی۔
سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی بورڈ اجلاس میں ای وی ٹیکسی، 500 بسوں اور ڈبل ڈیکر منصوبوں کی منظوری بھی دی گئی۔
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے بورڈ کا اہم اجلاس ہو اجس میں شہری ٹرانسپورٹ کے مختلف منصوبوں، ای وی گاڑیوں، بسوں اور انفرا اسٹرکچر سے متعلق متعدد اہم فیصلے کیے گئے۔
اجلاس میں میئر سکھر ارسلان اسلام شیخ، سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، ایم ڈی ایس ایم ٹی اے سلیم اللہ اوڈھو، ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ سمیت دیگر اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔ اجلاس میں کراچی، حیدرآباد اور سکھر میں شہری ٹرانسپورٹ کے نظام کو بہتر بنانے، ٹریفک کے دباؤ میں کمی اور ماحول دوست سفری سہولیات کے فروغ کے مختلف منصوبوں پر تفصیلی غور کیا گیا۔
بورڈ اجلاس میں کراچی میں ای وی ٹیکسی سروس جلد شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ منصوبے پر عملی پیش رفت کو تیز کرنے کے لیے حالیہ ماہ اس منصوبے کی فنانشل ایویلیوایشن اوپن کرنے کا فیصلہ کیا گا۔ اجلاس میں کراچی کے لیے 50 نئی ڈبل ڈیکر بسیں خریدنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ ڈبل ڈیکر بسوں کا مقصد شہری نقل و حرکت اور مسافروں کے بہاؤ کو بہتر بنانا ہے، ہر ڈبل ڈیکر بس میں 126 مسافروں کی گنجائش ہوگی، جس سے پبلک ٹرانسپورٹ کے دباؤ میں نمایاں کمی آئے گی۔
بورڈ اجلاس میں خواتین کے لیے مزید 500 پنک ای وی اسکوٹیز خریدنے کا بھی فیصلہ کر لیا گیا۔
سینیئر وزیر کا کہنا تھا کہ 22 مئی کو حیدرآباد میں خواتین میں پنک ای وی اسکوٹیز تقسیم کی جائیں گی، پنک ای وی اسکوٹی اسکیم ایک انقلابی منصوبہ ثابت ہوئی ہے۔ پنک ای وی اسکوٹی اسکیم نے خواتین کو بااختیار بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے، ایک سال کے اندر صرف ایک ہزار اسکوٹیز نے پورے معاشرے کی سوچ بدل کر رکھ دی ہے۔
اجلاس میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت 500 ای وی بسیں خریدنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ 450 ای وی بسیں کراچی کے 25 مختلف روٹس جبکہ 50 بسیں حیدرآباد کے 5 روٹس پر چلائی جائیں گی۔ ای وی گاڑیوں کے لیے صوبے بھر میں 5 جدید ڈیپوز قائم کیے جائیں گے، جن میں سے 4 کراچی جبکہ ایک حیدرآباد میں تعمیر کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ای وی بسوں کے آئندہ مرحلے کا آغاز سکھر سے کیا جائے گا، سندھ کے دیگر اضلاع میں بھی جدید اور ماحول دوست سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
بورڈ اجلاس میں حیدرآباد میں مولیٰ علیؑ کے قدم گاہ کے قریب پارکنگ پلازہ تعمیر کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔ شرجیل مین نے اس حوالے سے کہا کہ ایک منزلہ پارکنگ پلازہ ایک ایکڑ اراضی پر مشتمل ہوگا، جس سے زائرین اور شہریوں کو پارکنگ کی بہتر سہولت میسر آئے گی۔
اجلاس میں آئندہ تمام ٹریفک سگنلز سولر سسٹم پر چلانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔