چند دن میں معاہدہ نہ ہوا تو کارروائی خارج از امکان نہیں، ٹرمپ

جن ایرانی شخصیات سے بات چیت جاری ہے وہ معقول انداز میں معاملات کو دیکھ رہے ہیں، امریکی صدر


ویب ڈیسک May 21, 2026

واشنگٹن:

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا ایران کے جواب کا چند روز تک انتظار کرے گا اور کسی حتمی معاہدے تک تہران کو کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔

میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر کا کہنا تھا کہ واشنگٹن ایران سے واضح اور قابلِ قبول ردعمل چاہتا ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ امریکی حکام کی جن ایرانی شخصیات سے بات چیت جاری ہے وہ معقول انداز میں معاملات کو دیکھ رہے ہیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر یہ مؤقف دہرایا کہ ایران معاہدے کے لیے سنجیدہ دکھائی دیتا ہے تاہم انہوں نے خبردار کیا کہ اگر مذاکرات ناکام ہوئے تو امریکا دوبارہ سخت اقدام اٹھا سکتا ہے۔

امریکی صدر کے مطابق ایران اس وقت شدید معاشی دباؤ اور اندرونی بے چینی کا سامنا کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایرانی عوام مشکلات سے دوچار ہیں اور یہی صورتحال تہران کو مذاکرات کی طرف لے جا رہی ہے۔

ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ ایران کے ساتھ جاری کشیدگی کو زیادہ عرصہ نہیں گزرا اور اس دوران جنگ بندی کا وقت زیادہ رہا۔

ان کا کہنا تھا کہ آبنائے ہرمز کی صورتحال بھی بہتر بنائی جا سکتی ہے تاہم امریکا کسی جلد بازی میں نہیں۔

اپنی گفتگو میں امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ ایران کو سخت نقصان پہنچا ہے اور آنے والے دنوں میں مزید پیش رفت دیکھنے کو مل سکتی ہے جبکہ معاہدے کے معاملے میں امریکا سوچ سمجھ کر آگے بڑھے گا۔