پاکستان اور آذربائیجان نے شہری ترقی، نئے شہر بسانے، زراعت، بینکنگ اور سیاحت سمیت مختلف شعبوں میں وسیع اشتراک اور دونوں ممالک کے درمیان طویل المدتی بنیادوں پر معاشی پُل بنانے پر اتفاق کیا ہے۔
یہ اتفاق رائے پنجاب کی سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب اور آذربائیجان کے سرمایہ کار گروپ ’پاشا ہولڈنگ‘ کے سی ای او ایلچن گاڈیموف سے ملاقات میں کیا گیا۔
ملاقات میں پنجاب حکومت اور پاشا گروپ کے درمیان اقتصادی تعاون، شہری ترقی، سیاحت، زراعت کی ترقی، جدید مشینری کے استعمال، سرمایہ کاری اور مشترکہ منصوبوں کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایلچن گاڈیموف نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے پنجاب کی ترقی کے وژن کو سراہتے ہوئے پنجاب حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے اقدامات کی وجہ سے پنجاب سرمایہ کاری پر مبنی معاشی ترقی، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اور کاروباری آسانیوں کے فروغ کے نئے مرحلے میں داخل ہو چکا ہے، جہاں بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے لیے شفاف اور منافع بخش مواقع پیدا کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے پاشا ہولڈنگ کو شہری ترقی اور رئیل اسٹیٹ کے بڑے منصوبوں میں شراکت کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی، سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ پنجاب اور ’’اپنی چھت اپنا گھر‘‘ جیسے منصوبے عالمی معیار کے مواقع فراہم کرتے ہیں۔
ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ پاشا ہولڈنگ کی بڑے پیمانے پر رئیل اسٹیٹ سرمایہ کاری، مکسڈ یوز ڈویلپمنٹس اور شہری اثاثوں کے انتظام میں مہارت پنجاب کے جدید شہری منصوبوں کے وژن سے مکمل مطابقت رکھتی ہے۔
ملاقات میں سیاحت اور ہاسپیٹیلٹی کے شعبے میں تعاون پر بھی گفتگو ہوئی۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ پنجاب میں ثقافتی ورثے، مذہبی سیاحت اور اربن ٹورازم کے فروغ کے لیے انفراسٹرکچر کی ترقی پر تاریخی کام ہو رہا ہے۔ اس موقع پر پریمیم ہوٹل منصوبوں، ٹورازم انفراسٹرکچر فنانسنگ اور عالمی معیار کی ہاسپیٹیلٹی سہولیات کے فروغ میں پاشا ہولڈنگ کے ممکنہ کردار پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
فریقین نے زرعی ویلیو چین کو جدید بنانے، فوڈ پروسیسنگ، کولڈ چین انفراسٹرکچر، لاجسٹکس اور زرعی سرمایہ کاری پلیٹ فارمز کے امکانات کا جائزہ لیا۔ مالیاتی خدمات اور سرمایہ کاری کے شعبے میں ریئل اسٹیٹ انویسٹمنٹ ٹرسٹس، ڈویلپمنٹ فنڈز اور جدید سرمایہ کاری نظام کے قیام پر بھی بات چیت ہوئی۔
مریم اورنگزیب نے یقین دہانی کرائی کہ سرمایہ کاروں کے لیے سنگل ونڈو سہولت، ریگولیٹری شفافیت اور فاسٹ ٹریک منظوریوں کو یقینی بنایا جائے گا۔ ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ یہ باہمی تعاون کسی ایک منصوبے تک محدود نہیں بلکہ پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان طویل المدتی اقتصادی شراکت داری کے قیام کی جانب اہم قدم ہے۔