لندن میں شدید گرمی کی لہر کے پیشِ نظر یلو ہیلتھ الرٹ جاری

آئندہ ہفتے کے آغاز پر درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، حکام


ویب ڈیسک May 22, 2026

لندن میں شدید گرمی کی لہر کے پیشِ نظر یلو ہیلتھ الرٹ جاری کردیا گیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق برطانیہ کی ہیلتھ سکیورٹی ایجنسی کا کہنا ہے کہ رواں سال پہلی بار لندن گرمی کی لپیٹ میں آ رہا ہے۔

ایجنسی کے مطابق آئندہ ہفتے کے آغاز پر درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے جس کے باعث یلو ہیلتھ الرٹ جاری کیا گیا ہے جو کل سے نافذ العمل ہوگا۔

رپورٹس کے مطابق اس ہفتے بھی درجہ حرارت میں اضافے کا سلسلہ جاری رہے گا، موسم زیادہ تر خشک اور آسمان صاف رہنے کی توقع ہے، تاہم ہفتہ کے روز گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق رواں سال برطانیہ کا اب تک کا گرم ترین دن اپریل میں ریکارڈ ہوا، جب جنوب مغربی لندن کے علاقے کیو گارڈنز میں درجہ حرارت 26.6 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔ جبکہ مئی میں درجہ حرارت 32.8 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا پہنچا، جو اس سے قبل 1922 میں کیمڈن اسکوائر میں بھی ریکارڈ کیا گیا تھا۔

برطانوی ہیلتھ سکیورٹی ایجنسی کے مطابق یلو الرٹ اس وقت جاری کیا جاتا ہے جب موسم کی شدت کے باعث عوام، خصوصاً کمزور افراد، کو صحت کے مسائل کا سامنا ہوسکتا ہو اور انہیں طبی سہولیات کی ضرورت پڑ سکتی ہو۔