راولپنڈی: محبت میں ناکامی پر نوجوان لڑکی کے قتل کی ہولناک واردات

راولپنڈی پولیس نے ابتدائی تفتیش مکمل کرلی جس کے مطابق 40 سالہ شخص مصباح نامی لڑکی سے محبت کرتا تھا


ویب ڈیسک May 22, 2026

راولپنڈی چکری روڈ لیاقت کالونی میں مبینہ غیرت کے نام پر ہولناک قتل کی واردات پیش آئی ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق لڑکی اور لڑکے کو آگ لگا دی گئی، جبکہ لڑکے کا جسم 90 فیصد جھلس گیا ہے۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ آگ سے جل کر لڑکی جان کی بازی ہار گئی۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ لڑکا اور لڑکی دونوں مقامی بیٹھک میں موجود تھے۔ لڑکے کو انتہائی تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ لڑکی کی لاش جائے وقوعہ پر موجود ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق پولیس اور فرانزک ٹیمیں شواہد جمع کر رہی ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اصل حقائق پوسٹ مارٹم اور مکمل تفتیش کے بعد سامنے آئیں گے۔

راولپنڈی پولیس نے ابتدائی تفتیش مکمل کرلی جس کے مطابق 40 سالہ شخص مصباح نامی لڑکی سے محبت کرتا تھا، محبت میں ناکامی سے دلبرداشتہ شخص نے مصباح کو پٹرول چھڑک کر آگ لگائی۔

راولپنڈی ملزم نے پہلے لڑکی پر پٹرول چھڑکا پر خود کو بھی آگ لگائی، راولپنڈی پولیس نے 40 سالہ شخص کا ابتدائی بیان بھی ریکارڈ کرلیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق لڑکی جاں بحق ہوگئی جب کہ 40 سالہ شخص شدید زخمی ہے۔