ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جنوبی میں ڈرگ ڈیلر انمول عرف پنکی کی جوڈیشل کمپلیکس میں پیشی سے متعلق معاملے پر سماعت ہوئی۔
درخشاں، گذری، گارڈن اور ڈیفنس پولیس نے ملزمہ کو جوڈیشل کمپلیکس میں پیش کرنے کے لیے اجازت طلب کی، جس پر عدالت نے ملزمہ کو جیل میں قائم جوڈیشل کمپلیکس میں پیش کرنے کی اجازت دے دی۔
عدالت نے حکم دیا کہ 16 سے زائد مقدمات میں ملزمہ کو جوڈیشل کمپلیکس میں پیش کیا جائے گا۔ پولیس کے مطابق ملزمہ کا جسمانی ریمانڈ آج ختم ہو رہا ہے، جبکہ پولیس نے ملزمہ کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی استدعا بھی کی۔
پولیس کے مطابق ملزمہ کو ایک بار پہلے بھی جوڈیشل کمپلیکس میں پیش کرنے کی اجازت دی گئی تھی، جبکہ سٹی کورٹ میں پیش کرنا سیکیورٹی خدشہ ہے۔
جوڈیشل کمپلیکس میں جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر پولیس انمول عرف پنکی کو سخت سیکیورٹی میں عدالت لے کر پہنچی۔ ملزمہ کی پیشی کے موقع پر سینٹرل جیل کی سیکیورٹی سخت کردی گئی، جبکہ صحافیوں کے جوڈیشل کمپلیکس میں داخلے پر پابندی عائد رہی۔
ملزمہ کو جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں پولیس کی جانب سے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی استدعا کیے جانے کا امکان ظاہر کیا گیا، جبکہ وکلائے صفائی نے ملزمہ کو جوڈیشل تحویل میں جیل بھیجنے کی استدعا کی۔
انمول عرف پنکی کے خلاف مختلف تھانوں میں مجموعی طور پر 16 سے زائد مقدمات درج ہیں۔ ملزمہ کے خلاف قتل، غیر قانونی اسلحہ، منشیات اور دیگر مقدمات درج ہیں، جبکہ مقدمات درخشاں، گزری، بغدادی اور گارڈن تھانوں میں درج ہیں۔
جوڈیشل مجسٹریٹ کے روبرو سماعت کے دوران پولیس نے ملزمہ کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی، جبکہ ملزمہ کے وکلا نے جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کردی۔ وکیلِ ملزمہ کا کہنا تھا کہ ملزمہ گزشتہ 11 روز سے پولیس ریمانڈ پر ہے۔
جوڈیشل کمپلیکس میں ضلع جنوبی کے 11 مقدمات میں ملزمہ انمول عرف پنکی کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا گیا، جبکہ دیگر مقدمات کی سماعت جاری رہی۔
تفتیشی افسر نے مؤقف اختیار کیا کہ گارڈن تھانے میں درج مقدمے میں ملزمہ کو جیل کسٹڈی کیا گیا تھا، تاہم سیشن عدالت نے ڈیوٹی مجسٹریٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیا تھا۔ تفتیشی افسر کے مطابق منشیات کے نیٹ ورک سے متعلق تفتیش کے لیے جسمانی ریمانڈ ضروری ہے۔
تفتیشی افسر نے بتایا کہ بوٹ بیسن اور ڈیفنس تھانوں میں درج مقدمات میں ملزمہ انمول عرف پنکی کے رائیڈرز کو گرفتار کیا گیا تھا، جبکہ ملزمہ مقدمات میں مفرور تھی۔
بعد ازاں عدالت نے کوکین ڈیلر انمول عرف پنکی کو تمام مقدمات میں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔