ایران امریکا تنازع پر پاکستانی سفارتی رابطے جاری، عسکری و سول قیادت متحرک

فیلڈ مارشل کے ممکنہ دورۂ ایران سے متعلق تصدیق کرتے ہیں نہ تردید، ترجمان دفتر خارجہ


ویب ڈیسک May 22, 2026
ایران امریکا مذاکرات کا اگلا دور بقرعید کے بعد اسلام آباد میں متوقع ہے

اسلام آباد:

ایران امریکا تنازع پر پاکستان کے سفارتی رابطوں کا سلسلہ جاری ہے اور اس دوران عسکری و سول قیادت مستقل طور پر متحرک ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ مشرق وسطیٰ تنازع کے خاتمے کے لیے پاکستان کے سفارتی اقدامات اس ہفتے بھی جاری رہے۔ اس سلسلے میں وزیر اعظم شہباز شریف نے قطر کے امیر سے 2 مرتبہ رابطہ کیا۔

انہوں نے بیان میں کہا کہ نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار بھی دیگر وزرائے خارجہ کے ساتھ رابطے میں رہے تاکہ خطے میں امن قائم ہو سکے۔ اسی طرح وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایران کے 2 دورے کیے۔

فیلڈ مارشل کے ایران کے ممکنہ دورے کے حوالے سے ترجمان دفتر خارجہ نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ فیلڈ مارشل دورہ ایران کر رہے ہیں یا نہیں، اس کی نہ تصدیق کرتے ہیں اور نہ ہی تردید۔

ترجمان نے مزید کہا کہ وزیر اعظم کے دورہ چین کے دوران ایران اور امریکا مذاکرات پر بات ہو سکتی ہے۔ وزیر اعظم اور چینی قیادت کے درمیان مشرق وسطیٰ تنازع پر بھی بات متوقع ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے دورہ چین کے دوران 5 نکاتی ایجنڈے پر بھی اتفاق ہوا تھا۔ پاکستان اور چین کے درمیان مشرق وسطیٰ کے معاملے پر پہلے سے اعتماد موجود ہے۔