پشاور:
گورنر اور وزیراعلیٰ کے پی دونوں نے صوبے کو گندم کی بندش کا عمل آئین کی خلاف ورزی قرار دے دیا۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے گورنر ہاؤس میں ملاقات ہوئی۔ یہ ملاقات ںامزد صوبائی وزیر عدنان قادری کی حلف برداری کے موقع پر ہوئی۔ ملاقات میں سابق وفاقی وزیر مذہبی امور سینیٹر پیر نور الحق قادری، آئی جی ذوالفقار حمید بھی موجود تھے۔
ملاقات میں صوبے میں گندم کی بندش، سی این جی اسٹیشنز کے مسائل کے حوالے سے مشترکہ جدوجہد پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے گندم کی بندش کو آئین کی خلاف ورزی قرار دیا۔ دونوں رہنماؤں نے صوبہ کے حقوق کے لیے سیاسی جماعتوں کو متحد ہونے پر خراج تحسین پیش کیا۔
ملاقات میں اس امید کا اظہار کیا گیا کہ گندم کی بندش کے خاتمے کے حوالے سے وفاقی حکومت صوبے کی ساتھ کیے گئے وعدے کو پورا کرے گی۔
ملاقات میں عید کے بعد صوبے کے مقدمے کے حوالے سے ایوان کی سیاسی جماعتوں اور صوبے کی سیاسی قیادت کے مشترکہ کردار پر بھی مشاورت کی گئی۔ ملاقات میں صوبے میں امن و امان کی صورتحال پر بھی گفتگو کی گئی۔