وفاقی وزیر احد چیمہ نے کہا ہے کہ ایم ایل 1 منصوبہ کیلیے آئندہ مالی سال میں فنڈز کے حصول کی کوشش کی جائے گی۔
وفاقی وزیر احد چیمہ کی زیرصدارت ایم ایل ون (کراچی تا روہڑی سیکشن) منصوبے کے حوالے سے اجلاس ہوا جس میں ایشیائی ترقیاتی بینک کی کنٹری ڈائریکٹر ایما فین سمیت بینک اور متعلقہ وزارتوں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
سیکریٹری اقتصادی امور حمیرکریم اور سیکریٹری ریلویز مظہرعلی شاہ نے وفاقی وزیر کو ایم ایل ون پر عملدرآمد فریم ورک پر بریفنگ دی۔وفاقی وزیر احد چیمہ نے اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف رواں سال ایم ایل-1 منصوبے کی سنگِ بنیاد رکھنے کے خواہاں ہیں، حکومت اور اے ڈی بی کے درمیان ایم ایل-1 منصوبے کی دستاویزات جلد مکمل کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
احد چیمہ کی وزارتِ ریلوے کو اے ڈی بی کے ساتھ دستاویزی عمل تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت آئندہ مالی سال میں ایم ایل-1 کے لیے اے ڈی بی فنڈنگ حاصل کرنے کو کوشش کرے گی۔
احد چیمہ نے کہا کہ ایم ایل-1 منصوبہ ریلوے اور مال برداری نظام میں انقلابی تبدیلی لائے گا، وزارت ریلوے کو ہدایت کی ہے کہ پلاننگ ڈویژن سے بھی موثر روابط قائم کرے تاکہ پی سی ون سمیت دیگر تقاضے پورے کئے جاسکیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ایم ایل ون میں کراچی تا روہڑی سیکشن پہلا مرحلہ ہے انشاء اللہ پورا ایم ایل ون ٹریک مکمل کریں گے، کوشش ہوگی کہ موجودہ دور حکومت میں کراچی تا پشاور ایم ایل ون ٹریک پر مثبت پیشرفت ہو، ایم ایل ون سمیت دیگر منصوبوں میں تعاون پر ایشیائی ترقیاتی بینک کے مشکور ہیں۔
احد چیمہ نے کہا کہ ایم ایل ون کے دیگر حصوں کو مکمل کرنے کے لئے ترقیاتی شراکت داروں سے رابطے میں ہیں، حکومت شفافیت کے ساتھ منصوبے کو مؤثر انداز میں آگے بڑھانے اور تمام ضابطہ جاتی تقاضے مکمل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
اے ڈی بی کی کنٹری ڈائریکٹر ایما فین نے بتایا کہ بینک پی آر ایف کنسلٹنٹ سمیت دیگر کارروائیاں وقت سے پہلے مکمل کرنے کی پوری کوشش کرے گا۔ منصوبے کو آگے بڑھانے کے لیے اقتصادی امور ڈویژن اور وزارتِ ریلوے کی کوششوں قابل تعریف ہیں۔