وسطی امریکی ملک ہونڈوراس میں پام آئل فارم پر فائرنگ، خواتین بچوں سمیت 20 افراد ہلاک

ہلاک ہونے والوں میں 15 مرد، 3 خواتین اور 2 کم عمر بچے شامل ہیں


ویب ڈیسک May 23, 2026
وسطی امریکی ملک ہنڈراس کے پام آئل فارم میں فائرنگ میں 20 افراد ہلاک

وسطی امریکی ملک ہونڈوراس کے شمالی علاقے میں واقع ایک پام آئل فارم پر مسلح حملے میں ہلاک افراد کی تعداد بڑھ کر کم از کم 20 ہو گئی۔

عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق متعدد مسلح افراد نے اندھا دھند فائرنگ اس وقت کی جب مزدور ایک پام آئل فارم میں اپنے کام کے آغاز کی تیاری کر رہے تھے۔

ہونڈوراس پولیس کے ڈپٹی کمشنر نے مقامی نشریاتی ادارے کو بتایا کہ جائے وقوعہ سے اب تک 20 لاشیں برآمد کی جا چکی ہیں جن میں 15 مرد، 3 خواتین اور 2 کم عمر بچے شامل ہیں۔

حکام کے مطابق ابتدائی تحقیقات کے دوران مشکلات اس وقت پیدا ہوئیں جب متاثرہ خاندانوں نے تفتیش مکمل ہونے سے پہلے ہی لاشیں اٹھانا شروع کر دیں جس کے باعث شواہد جمع کرنے میں رکاوٹ پیش آئی۔

استغاثہ کے مطابق حملہ آوروں نے فارم کے احاطے میں قائم ایک چرچ کے قریب فائرنگ کی تاہم اب تک حملے کی واضح وجہ سامنے نہیں آ سکی۔

البتہ ہونڈوراس کے سکیورٹی وزیر گیرزون ویلاسکیز کا کہنا ہے کہ ابتدائی شواہد جرائم پیشہ گروہوں کے ملوث ہونے کی طرف اشارہ کرتے ہیں۔

یاد رہے کہ باجو آگوان کا علاقہ طویل عرصے سے زمینوں کے تنازعات، منشیات اسمگلنگ کے راستوں اور پام آئل کی کاشت کے پھیلاؤ کے باعث تشدد کا شکار رہا ہے۔

یہاں بڑے زمینداروں اور کسانوں کے درمیان کشیدگی اکثر خونریز جھڑپوں میں تبدیل ہو جاتی ہے۔

افریقی پام سے حاصل ہونے والا پام آئل دنیا بھر میں کھانے پینے کی اشیا، صابن، کاسمیٹکس اور بائیو فیول میں استعمال کیا جاتا ہے جس کی بڑھتی ہوئی طلب نے اس خطے میں زمینوں پر تنازعات کو مزید شدت دی ہے۔