اندرون سندھ کی سڑکیں غیر محفوظ، مسلح افراد کی گاڑی پرفائرنگ سے ڈی ایس پی کی بیٹی زخمی

جیکب آباد پولیس نے مؤثر کارروائی نہیں کی اور 24 گھنٹے گزرنے کے باوجود حملہ آوروں کا سراغ نہیں لگایا جا سکا


ویب ڈیسک May 23, 2026

جیکب آباد سمیت اندرونِ سندھ کی شاہراہیں ایک بار پھر غیر محفوظ ہو گئیں جہاں مسلح افراد کی فائرنگ سے پولیس افسر کے اہلِ خانہ زخمی ہوگئے۔

پولیس ذرائع کے مطابق مسلح افراد نے گاڑی پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ڈی ایس پی سعود آباد اعجاز ترین کی بیٹی اور ان کے کزن کی بیٹی زخمی ہوگئیں۔ واقعے کے وقت گاڑی ڈی ایس پی کے بیٹے چلا رہے تھے جبکہ دیگر اہلِ خانہ بھی گاڑی میں سوار تھے۔

فائرنگ کے بعد حملہ آور موقع سے فرار ہوگئے جبکہ زخمی لڑکیوں کو ابتدائی طبی امداد کیلئے مقامی اسپتال منتقل کیا گیا بعد ازاں انہیں بہتر علاج کیلئے سکھر روانہ کردیا گیا۔

ذرائع کے مطابق گزشتہ رات پیش آنے والے اس واقعے پر جیکب آباد پولیس کی جانب سے فوری مؤثر کارروائی سامنے نہیں آسکی اور 24 گھنٹے گزرنے کے باوجود حملہ آوروں کا سراغ نہیں لگایا جا سکا۔

سندھ کی اہم شاہراہوں پر مسلح افراد کی کھلے عام فائرنگ کے بڑھتے واقعات پر شہریوں اور سماجی حلقوں نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سیکیورٹی اقدامات سخت کرنے کا مطالبہ کیا۔