این ڈی ایم ایس اورپورٹ قاسم کے درمیان ڈریجنگ معاہدہ طے پاگیا

این ڈی ایم ایس کے ذریعے پورٹ قاسم کی ڈریجنگ سے غیرملکی کمپنیوں پر انحصار کم اور زر مبادلہ کی بچت ہوگی


ویب ڈیسک May 23, 2026

نیشنل ڈریجنگ اینڈ میرین سروسز (این ڈی ایم ایس) اور پورٹ قاسم کے درمیان ڈریجنگ کا معاہدہ طے پا گیا۔

وفاقی وزیربرائے بحری امورمحمد جنید انوارچوہدری این ایل سی ہیڈکوارٹرزمیں منعقدہ تقریب کے مہمان خصوصی تھے، تقریب میں پورٹ قاسم، کراچی پورٹ، گوادر پورٹ کے اعلیٰ حکام اور این ڈی ایم ایس بورڈ اراکین نے شرکت کی۔

ڈریجنگ منصوبہ پورٹ قاسم کی توسیع اوربحری گزرگاہوں کی بہتری کیلئے اہم قراردیا جارہا ہے، این ڈی ایم ایس کے ذریعے پورٹ قاسم کی ڈریجنگ سے غیرملکی کمپنیوں پرانحصار کم اورزرمبادلہ کی بچت ہوگی۔ ڈریجنگ منصوبے سے بڑے بحری جہازوں کی آمدورفت اورپورٹ قاسم کی استعدادکارمیں اضافہ ہوگا۔

اس موقع پروفاقی وزیرجنید انوارچوہدری نے کہا کہ قومی ڈریجنگ کمپنی کا قیام پاکستان کیلئے باعثِ فخر ہے، ڈریجنگ منصوبہ پاکستان میں علاقائی اوربین الاقوامی تجارت کے فروغ میں معاون ثابت ہوگا، ڈریجنگ کے شعبے میں خود کفالت، پاکستان کی بلیواکانومی کے فروغ کی جانب اہم قدم ہے۔