خواتین سے متعلق رویے پر تنقید، شائستہ جبین نے فردوس جمال کے ساتھ دوبارہ کام سے انکار کردیا

اگر کسی شخص کا رویہ درست نہ ہو تو اس کی پیشہ ورانہ کامیابیاں زیادہ معنی نہیں رکھتیں


ویب ڈیسک May 25, 2026

پاکستان شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ شائستہ جبین نے اداکار فردوس جمال کے خواتین کے بارے میں رویے پر سخت ردعمل دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ وہ آئندہ کبھی ان کے ساتھ کسی پروجیکٹ میں کام نہیں کریں گی۔

نجی ٹی وی کے مارننگ شو میں گفتگو کرتے ہوئے شائستہ جبین نے کہا کہ انسان کی شخصیت میں اس کی انا، تربیت اور فطرت بنیادی کردار ادا کرتی ہے۔ ان کے مطابق فردوس جمال بلاشبہ ایک بہترین اداکار ہیں، تاہم اگر کسی شخص کا رویہ درست نہ ہو تو اس کی پیشہ ورانہ کامیابیاں زیادہ معنی نہیں رکھتیں۔

اداکارہ نے بتایا کہ انہوں نے اپنے کیریئر میں صرف ایک بار فردوس جمال کے ساتھ کام کیا تھا اور وہ تجربہ ان کے لیے کافی ثابت ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ فردوس جمال اکثر خواتین کے حوالے سے نامناسب گفتگو کرتے ہیں، اور وہ ایسی باتیں نہ سن سکتی ہیں اور نہ ہی برداشت کر سکتی ہیں۔

شائستہ جبین نے مزید کہا کہ فردوس جمال نے ماضی میں کئی سینئر فنکاروں کے بارے میں بھی ناپسندیدہ باتیں کی ہیں، حالانکہ وہ شخصیات اپنی محنت اور کام کی بدولت ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ ان کے مطابق کسی کے بیانات سے ان عظیم فنکاروں کے مقام اور احترام میں کوئی کمی نہیں آتی۔