ٹوکیو کے لگژری مال میں خوفناک اسپرے حملہ، 20 افراد کی حالت بگڑ گئی

واقعے کے بعد فوری طور پر علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا جبکہ مال کے سامنے والی سڑک بند کردی گئی


ویب ڈیسک May 26, 2026

ٹوکیو کے مشہور اور مہنگے شاپنگ علاقے گنزا میں واقع ایک لگژری شاپنگ مال میں اسپرے کیے جانے کے واقعے میں تقریباً 20 افراد شدید متاثر ہوگئے۔

جاپانی پولیس اور فائر ڈیپارٹمنٹ کے مطابق ایک شخص نے شاپنگ کمپلیکس کے گراؤنڈ فلور پر موجود اے ٹی ایم ایریا میں ایک نامعلوم اسپرے کیا جس کے بعد وہاں موجود افراد کو سانس اور گلے میں شدید تکلیف محسوس ہوئی۔

پولیس ترجمان نے بتایا کہ واقعے کے بعد فوری طور پر علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا جبکہ مال کے سامنے والی سڑک بند کردی گئی۔

فائر ڈیپارٹمنٹ حکام کے مطابق تقریباً 19 افراد کو اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ متعدد افراد کو موقع پر طبی امداد دی گئی۔ جاپانی میڈیا کے مطابق زیادہ تر زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔

عینی شاہدین کے مطابق واقعے کے بعد مال میں بھگدڑ مچ گئی جبکہ امدادی اہلکاروں، فائر فائٹرز اور خصوصی حفاظتی لباس پہننے والی ٹیموں نے متاثرہ افراد کو فوری طور پر محفوظ مقام پر منتقل کیا۔

رپورٹس کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں شبہ ظاہر کیا گیا ہے کہ اسپرے میں ’کیپسائسن‘ نامی جلن پیدا کرنے والا مادہ شامل ہوسکتا ہے، جو مرچوں میں پایا جاتا ہے اور بعض اوقات مرچ اسپرے میں استعمال کیا جاتا ہے۔

ایک 70 سالہ خاتون نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ جیسے ہی وہ اے ٹی ایم ایریا کے قریب پہنچیں تو ان کے گلے میں شدید جلن اور سن ہونے جیسی کیفیت محسوس ہوئی۔

پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں جبکہ حکام یہ جاننے کی کوشش کر رہے ہیں کہ اسپرے کا مقصد کیا تھا اور آیا یہ جان بوجھ کر کیا گیا حملہ تھا یا نہیں۔

واضح رہے کہ جاپان میں پرتشدد جرائم کی شرح دنیا کے کئی ممالک کے مقابلے میں بہت کم سمجھی جاتی ہے اور وہاں اسلحے سے متعلق قوانین انتہائی سخت ہیں۔