ایران کی مسلح افواج کے ترجمان نے خبردار کیا ہے کہ اگر ایران کے خلاف کسی بھی قسم کی نئی جارحیت کی گئی تو اس کا سخت اور پہلے سے زیادہ شدید جواب دیا جائے گا۔
ایرانی مسلح افواج کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ ایران ہر قسم کے خطرات اور حملوں کا بھرپور جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے اور مستقبل میں کسی بھی کارروائی کی صورت میں ردعمل پہلے کے مقابلے میں کہیں زیادہ سخت ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ اگر خطے میں نئی جنگ مسلط کی گئی تو ایران کا جواب نہ صرف شدید بلکہ زیادہ وسیع اور پرتشدد بھی ہوسکتا ہے۔ ترجمان کے مطابق ایران اپنے قومی مفادات اور علاقائی سلامتی کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدام کرے گا۔
ایرانی فوجی ترجمان نے یہ بھی واضح کیا کہ کسی بھی ممکنہ حملے کا دائرہ صرف خطے تک محدود نہیں رہے گا بلکہ اس کے اثرات علاقائی حدود سے باہر بھی جا سکتے ہیں۔
بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب مشرق وسطیٰ میں کشیدگی، ایران امریکا مذاکرات اور آبنائے ہرمز سے متعلق صورتحال عالمی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔
دفاعی ماہرین کے مطابق ایران کے حالیہ بیانات خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور ممکنہ فوجی تصادم کے خدشات کو ظاہر کرتے ہیں جبکہ عالمی طاقتیں سفارتی حل تلاش کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔