ورلڈ فٹبال ڈے: نمائشی میچ میں پی ایف ایف الیون نے اقوام متحدہ الیون کو شکست دے دی

فاتح ٹیم کی جانب سے شاہزیب نے دو اور عیسیٰ خان نے ایک گول کیا



ورلڈ فٹبال ڈے کے موقع پر کھیلے جانے والے نمائشی فٹبال میچ میں پی ایف ایف الیون نے اقوام متحدہ الیون کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے شکست دے دی۔

جناح اسٹیڈیم اسلام آباد میں منعقدہ میچ میں اقوام متحدہ پاکستان کے ریذیڈنٹ کوآرڈینیٹر محمد یحییٰ، فرانس، رومانیہ، نائجیریا اور زمبابوے سمیت مختلف ممالک کے سفارتکاروں، پاکستان فٹبال فیڈریشن کے صدر سید محسن گیلانی، قومی فٹبال ٹیم کے ہیڈ کوچ نولبرٹو سولانو، سابق قومی کپتان عیسیٰ خان سمیت دیگر شخصیات نے شرکت کرکے کھیل کے ذریعے امن، اتحاد اور بھائی چارے کا پیغام دیا۔

پاکستان فٹبال فیڈریشن الیون نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے یو این الیون کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے شکست دے دی۔

فاتح ٹیم کی جانب سے شاہزیب نے دو اور عیسیٰ خان نے ایک گول کیا جبکہ یو این کی جانب سے واحد گول ننو گبسن نے کیا۔

اس موقع پر اقوام متحدہ پاکستان کے ریذیڈنٹ کوآرڈینیٹر محمد یحییٰ نے کہا کہ پاکستان میں فٹبال کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے اور اقوام متحدہ فٹبال کے فروغ کے لیے تعاون جاری رکھے گا۔

صدر پی ایف ایف سید محسن گیلانی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں فٹبال تیزی سے ترقی کر رہا ہے اور نوجوانوں کو زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرکے اس کھیل کو ملک کے ہر کونے تک پہنچایا جائے گا۔