کراچی: اسکیم 33 میں وارداتیں کرنے والا 5 رُکنی ڈکیت گروہ گرفتار

ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، متعدد موبائل فونز اور وارداتوں میں استعمال ہونے والی تین موٹرسائیکلیں برآمد


فوٹو: فائل

سچل پولیس نے اسکیم 33 میں وارداتیں کرنے والے 5 رُکنی ڈکیت گروہ کو گرفتار کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق عید الاضحیٰ کے دوسرے روزسچل پولیس نے اسکیم 33 میں کارروائی کرتے ہوئے علاقے میں وارداتیں کرنے والے 5 رُکنی ڈکیت گروہ کو گرفتار کرلیا۔

پولیس نے ملزمان کے قبضے سے 2 غیرقانونی پستولیں، ایمونیشن، متعدد موبائل فونز اور وارداتوں میں استعمال ہونے والی تین موٹرسائیکلیں تحویل میں لے لیں۔ برآمد شدہ 125 موٹرسائیکل پی آئی بی کالونی کے علاقے سے چوری کی گئی تھی۔

ایس ایس پی ایسٹ زبیرنذیر شیخ کے مطابق گرفتار ملزمان میں محمد ثاقب، ضمیرعرف جمیل، محمد عارف، مزمل اور وزیر شامل ہیں۔

گرفتارملزمان نے ابتدائی تفتیش میں اسکیم 33 اور اطراف کے علاقوں میں متعدد وارداتوں کا انکشاف کیا، ملزمان کے خلاف ضابطے کے تحت مقدمات درج کرلیے گئے ہیں جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔